سعودی عرب:ایک ہفتےکےدوران اقامہ اورلیبرقوانین کی خلاف ورزی کرنےوالے 15 ہزارسےزائد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اقامہ، لیبر اور سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی جانے والی مشترکہ فیلڈ مہمات کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران 15,430 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس دوران مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,542 دراندازوں کو ناکام بنایا گیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو لانے، پناہ دینے اور روزگار فراہم کرنے میں ملوث 27 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ یہ کارروائیاں قوانین کے نفاذ کے لیے جاری سکیورٹی مہمات کا حصہ ہیں۔

وزارتِ داخلہ نے وضاحت کی کہ 17 سے 23 محرم سنہ 1448ھ بمطابق 2 سے 8 جولائی سنہ 2026ء کے دوران کی جانے والی مہمات میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 7,913، سرحدی سکیورٹی قوانین کے 4,037 اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 3,480 افراد پکڑے گئے۔

دراندازی کی کوششیں ناکام

وزارت داخلہ نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے 1,542 افراد کو غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرکے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا۔ ان میں 46 فیصد کا تعلق یمن، 53 فیصد کا ایتھوپیا سے ہے جبکہ ایک فیصد دیگر قومیتوں کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ 30 افراد کو غیر قانونی طریقے سے مملکت سے باہر جانے کی کوشش کے دوران بھی گرفتار کیا گیا۔

پناہ دینے اور روزگار فراہم کرنے والے گرفتار

وزارتِ داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ اقامہ، لیبر اور سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے، پناہ دینے اور روزگار فراہم کرنے میں ملوث 27 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وزارت نے نشاندہی کی کہ فی الحال قوانین کے نفاذ کے عمل سے گزرنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی تعداد 29,286 ہے جن میں 27,127 مرد اور 2,159 خواتین شامل ہیں۔

11 ہزار سے زائد خلاف ورزی کرنے والوں کی ملک بدری

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ 17,353 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے متعلقہ سفارتی مشنوں کے حوالے کیا گیا، 5,438 افراد کے سفری بکنگ کے عمل کو مکمل کیا گیا جبکہ 11,800 افراد کو ان کے آبائی ممالک بھیج دیا گیا ہے۔

خلاف ورزی کرنے والوں کی معاونت پر تنبیہ

وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا کہ سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنے، انہیں لانے، پناہ دینے یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ وزارت نے واضح کیا کہ ان سزاؤں میں 15 سال قید، 10 لاکھ ریال تک جرمانہ، استعمال ہونے والی گاڑی یا رہائش گاہ کی ضبطی اور مجرم کی تشہیر شامل ہے۔

وزارت داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جرم ان سنگین جرائم میں شمار ہوتا ہے جن میں گرفتاری لازمی ہے اور یہ شرف و امانت کے منافی ہے۔ وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر، جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 اور 996 پر دیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size