لبنان کے ایک عہدے دار نے مغربی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور روم میں ہونے جا رہا ہے۔ عہدے دار کے مطابق یہ مذاکرات اگلے ہفتے متوقع ہیں اوران میں لبنانی وفد شرکت کرے گا۔
اس سے قبل بیروت نے اسرائیل کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے شرط لگائی تھی کہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی فوج کو پہلے نکالا جائے۔ یاد رہے اسرائیل کی فوج نے جنوبی لبنان میں کافی علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے اور یہ قبضہ ختم کرنے کو ابھی تیار نہیں ہے۔
لبنانی عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کا کہتے ہوئے کہا 'لبنان روم میں ہونے والے مذاکرات میں شامل ہوگا۔' تاہم اس عہدے دار نے اس بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہیں۔ اسی دوران ایک امریکی فوجی وفد نے لبنان کا دورہ کیا ہے تاکہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں بات چیت کی جا سکے۔