شمالی وزیرستان: امریکی ڈرون حملہ، 8 افراد ہلاک

جنوبی اور شمالی وزیرستان کے سنگم پر واقع علاقے میں دوسرا حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کے شمال مغرب میں واقع وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے گذشتہ چوبیس گھںٹے میں دوسرا میزائل حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور چھے زخمی ہو گئے ہیں۔

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون نے شمالی وزیرستان کے علاقے منگروٹی میں طالبان کمانڈر حبیب اللہ کے مکان پر دو میزائل فائر کیے ہیں۔حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ فوری طور پر امریکی ڈرون حملے میں کمانڈر حبیب اللہ کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

یہ علاقہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کے نزدیک واقع ہے اور یہیں سے جنگجو سرحد کے آرپار آتے جاتے ہیں۔منگروٹی شوال میں واقع ہے اور شوال کا علاقہ جنوبی سے لے کر شمالی وزیرستان تک پھیلا ہوا ہے۔

امریکی ڈرون نے اتوار کو جنوبی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے کنڈغر میں ایک مکان پر دو میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں دو غیرملکیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔کنڈغر کا علاقہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر واقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانیوں کی اکثریت قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کی مخالف ہے۔جون میں کرائے گئے ایک سروے کے مطابق 66 فی صد شہریوں نے ان حملوں کی مخالفت کی تھی۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے گذشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ شمالی وزیرستان میں اس وقت دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری ہے،اس لیے اس طرح کے حملوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور امریکا یہ حملے بند کردے کیونکہ پاکستان ان کو اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف سمجھتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں