.

پاکستان کے وزیر اعظم اور آرمی چیف سعودی عرب روانہ

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اکتالیس اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد اور پاک سعودی دوطرفہ امور پراہم اجلاس منعقد کئے جائیں گے جس میں تینوں رہنما شرکت کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختاراور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، اپنے دورے میں وزیراعظم شاہد خان عباسی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس سے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس ہوا جس میں 41ممالک کے وزرائے دفاع، سفرا اور سعودی عرب کی اعلی قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کے دوران سعودی وزیر دفاع اور ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برس سے ہمارے تمام مسلم ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں اور دہشت گردوں کا اس وقت تک پیچھا کریں گے جب تک دنیا سے ان کا صفایا نہیں ہو جاتا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جب سعودی عرب میں دہشت گردی مخالف اسلامی فوجی اتحاد تشکیل دیا گیا ہے جس کی قیادت پاکستانی فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف کر رہے ہیں اور دوسری جانب داخلی سطح پر مملکت میں کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے۔