مفتاح اسماعیل نے وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
نیا بجٹ پیش کرنے سے چند گھنٹے قبل وزیراعظم پاکستان کے مشیر مفتاح اسماعیل نے وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے مشیر مفتاح اسماعیل کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے مفتاح اسماعیل سے حلف لیا، اس موقع پر وفاقی وزرا، سیاسی رہنما اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ، ریونیو اور اقتصادی امور لگائے جانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 9 کے تحت کسی بھی شخص کو چھ ماہ کے لئے وزیر بنایا جا سکتا ہے۔ ایسا شخص قومی اسمبلی کا رکن منتخب نہ ہو سکے تو چھ ماہ بعد وزارت سے فارغ ہو جائے گا، ممبر اسمبلی منتخب نہ ہونے والا شخص اس اسمبلی کی تحلیل تک دوبارہ وزیر نہیں بن سکتا۔