.

پاکستان میں آیندہ عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں آیندہ عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے ۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری دے دی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے پولنگ ایک ہی روز 25 جولائی بدھ کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے اسی ہفتے صدر ممنون حسین کو عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تین مجوزہ تاریخوں پر مبنی ایک سمری بھیجی تھی اور 2018ء کے عام انتخابات 25 سے 27 جولائی کے درمیان کسی ایک تاریخ کو منعقد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 57 (1) کے تحت صدر مملکت کو الیکشن کمیشن کی مشاورت سے انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے اعلان کا اختیار حاصل ہے۔

پاکستان کی پارلیمان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی اور صوبہ پنجاب کی اسمبلی کی پانچ سالہ آئینی مدت 31 مئی کو پوری ہوگی ۔ صوبہ سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی اسمبلیوں کی پانچ سالہ مدت 28 مئی کو مکمل ہوجائے گی۔

پاکستان کے دستور کی دفعہ 224 کے تحت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی آئینی مدت پوری ہونے کے دن سے 60 روز میں نئے عام انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔