پاکستان سے ایک لاکھ 10 ہزارعازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں وفات پانے والے تیرہ پاکستانی عازمینِ حج کی الشرائع قبرستان اور جنت البقیع میں تدفین
پاکستان سے سعودی عرب میں جمعرات تک ایک لاکھ دس ہزار عازمینِ حج پہنچ گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں پاکستان کے حج مشن کے حکام نے العربیہ ڈاٹ نیٹ اردو کو بتایا ہے کہ ان میں اناسی ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم اور 31 ہزار نجی حج اسکیم کے تحت مکہ مکرمہ اور جدہ میں پہنچے ہیں۔
سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستان ائیرلائنز، سعودی ائیرلائنز اور نجی فضائی کمپنی ائیربلو کے ذریعے عازمین حج کو پاکستان سے سعودی عرب منتقل کیا جارہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 32 ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر کے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ یہ عازمین پہلے سیدھے مدینہ منورہ پہنچے تھے۔ وہاں انھوں نے آٹھ یا نو روزتک قیام کیا ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے 20 ہزار سے زیادہ عازمین حج ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں اور اس کے تحت آنے والے 58 ہزارسے زیادہ عازمین حج مکہ مکرمہ میں ہیں۔ ان میں سے چند ہزار حالیہ دنوں میں جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے براہ راست مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان کی وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے 176 افسر اور دوسرا عملہ سعودی عرب میں فرائض انجام دے رہا ہے۔ حج میڈیکل مشن کے تحت اسپتال اور ڈسپنسریوں میں 469 ڈاکٹر، نرسیں اور پیرامیڈیکل سٹاف کام کر رہا ہے۔
پاکستانی عازمینِ حج کی معاونت اور رہ نمائی کے لیے چارسو سولہ پاکستانی معاونین اور نو سو مقامی خدام کو تعینات کیا گیا ہے۔وہ چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
نیز وزارت مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیمیں حجاج کو مہیا کی جانے والی مختلف خدمات کے معیار کی نگرانی بھی کررہی ہیں۔انھوں نے 280 نجی حج کمپنیوں کی نگرانی کا کام مکمل کر لیا ہے۔
پاکستان حج مشن میں میڈیا سیل کے انچارج محمد عمر بٹ نے بتایا ہے کہ اب تک راہ بھٹک جانے یا گم ہوجانے والے 206 عازمین کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا ہے۔ مسجدالحرام اور اس کے ارد گرد موجود معاونین اور گائیڈز نے 40 ہزار سے زیادہ عازمین کو رہ نمائی فراہم کی ہے۔انھیں ان کی عمارتوں یا بس روٹس کے بارے میں بتایا ہے۔
مکہ مکرمہ میں حج میڈیکل مشن نے 24 ہزار سے زیادہ مریضوں کو طبی سہولتیں مہیا کی ہیں اور زیادہ بیمار یا دائمی مریض ایک سو پاکستانیوں کو سعودی عرب کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سعودی عرب کی وزارت صحت اور دوسرے حکام مکمل تعاون کررہے ہیں۔
حکام کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اب تک تیرہ پاکستانی عازمین حج وفات پا گئے ہیں۔ان میں گیارہ سرکاری حج اسکیم کے تحت اور دو نجی اسکیم کے تحت آئے تھے۔ان تمام مرحومین کی مدینہ منورہ میں جنت البقیع اور مکہ مکرمہ میں واقع الشرائع قبرستان میں تدفین کر دی گئی ہے۔