.

وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد کا افغان مسئلہ کے جامع سیاسی تصفیہ پراتفاق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ انھوں نےافغانستان اور خطے کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے گفتگو میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ انھوں نے سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ عالمی برادری افغان عوام کے ساتھ تعاون کے لیے آگے بڑھے۔

دونوں رہ نماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی موجودہ غیر یقینی صورت حال کے جامع سیاسی تصفیہ پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کسی بڑے بحران سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔