بلاول بھٹو زرداری کی سعودی وزیر خارجہ سے ڈیوس میں ملاقات

پاکستانی وزیر خارجہ نے جی سی سی کے جنرل سیکرٹری سے بھی ملاقات کی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی ہے۔

دفتر خارجہ کے پریس ریلز کے مطابق ڈیوس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر کلائیمٹ چینج شیری رحمان بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کے اندر ہونے والی شاندار ترقی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں رہنماؤں کی قیادت اور وژن کی روشنی میں سعودی عرب ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔

درایں اثنا وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ڈیوس میں ہی خلیج تعاون کونسل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نائف فلاح مبارک الحجراف سے بھی ملاقات کی۔ وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

بلاول بھٹو نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے پاکستان کے ساتھ تاریخی روابط ہیں۔ پاکستان خلیجی ریاستوں کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

دونوں راہنماؤں نے ملاقات کے دوران خلیجی ریاستوں اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے اور معاشی تعلقات کو بڑھوتری دینے سے متعلق امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اسٹرٹیجک

ڈائیلاگ سے متعلق جوائنٹ ایکشن پلان کی روشنی میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پاکستان اور خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی لمبی تاریخ ہے۔ جی سی سی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور ثقافت کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں