پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، عوام نے سکھ کا سانس لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ میٹ آفس کے مطابق صوبے میں مون سون اسپیل کی پہلی انٹری 22 جون سے ہوگی، کراچی میں بھی ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

مون سون نے پنجاب میں رت بدل دی، بارشوں کی جھڑی سے موسم سہانا ہو گیا۔ لاہور میں ابر کرم برسا، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا، گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی۔

لاہور، اسلام آباد، راول پنڈی، اٹک، میانیوالی، جھنگ، قائد آباد سمیت مختلف شہروں میں جمعرات کو رات گئے موسلا دھار بارش نے جہاں موسم حسین اور خوشگوار بنایا وہیں گرمی کا زور بھی توڑ ڈالا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت سے سبزے کی خوبصورتی کو چار چاند لگ گئے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے شہریوں کو بھی خوش کردیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا بنا دیا۔ جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں صبح سویرے بادل کھل کر برسے۔ محکمے کے مطابق آج بروز جمعہ 17 جون کو بھی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا میں بھی مزید بادل برسیں گے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ میٹ آفس کے مطابق لاہور میں مون سون کے پہلے اسپیل کی انٹری 22 جون سے ہوگی۔ میدانی اور بالائی سمیت جنوبی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا

محکمے کے مطابق پشاور میں بارشوں کا سلسلہ 19 جون سے شروع ہوگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بنوں میں 40 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث حادثات

بارش کے باعث مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جمعرات کو رات گئے تيز ہواؤں کے ساتھ بارش سے نشتر کالونی ميں مکان کی ديوار گرنے سے ايک ہی خاندان کے5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے واقعہ پر لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں وہ سوگوارخاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کراچی

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم رات گئے جمعرات اور جمعہ کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ ترجمان کے مطابق شہر قائد میں رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات کراچی کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا۔

جمعه کے روز کا موسم

خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں، آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ہفتہ کے روز کا موسم

خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں، آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر موسلادھاربارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں