.

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے 15 ارب کے بجٹ کی منظوری دے دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کرکٹ بورڈ [پی سی بی] کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 23-2022 کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے جمعرات کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورمیں ہونے والے 69ویں اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ بجٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا۔اس میں دونوں اصناف کے کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک ایونٹس سمیت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 اور پاکستان جونیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے انعقاد بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ دیگر اے سی سی ایشیاکپ 2023 اور آئی سی سی چیمپنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں انعقاد کے پیش نظر بی او جی نےانفراسٹرکچر اور اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس میں فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے لیے نئی کرسیاں اور ری پلے سکرینز شامل ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ستمبر 2021 سے اب تک قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کا تناسب 75 فیصد رہا ہے،جو اس دوران ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کی موجودہ رینکنگ میں پانچویں جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں