.

روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری، انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 9 پیسے مزید سستا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران روپے کی قدر میں نمایاں بہتری دیکھی گئی جب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید 3 روپے 09 پیسے کا اضافہ ہوا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق روپیہ صبح 10 تک ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی قدر میں 3 روپے 09 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 224 روپے 09 پیسے کا ہوگیا۔

گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں مقامی کرنسی کی قدر میں 9 روپے 59 پیسے یا 4.2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جو گزشتہ کئی برس کے بعد اس کی قدر میں سب سے بڑا اضافہ تھا، اس اضافے کے بعد 228 روپے 80 پیسے پر بند ہوا تھا۔

روپے کی قدر میں اضافے سے متعلق بات کرتے ہوئے اسماعیل اقبال سیکیورٹیز میں ریسرچ کے سربراہ فہد رؤف نے رائٹرز کو بتایا کہ مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق یہ 1999 کے بعد روپے کی قدر میں بلند ترین اضافہ ہے۔

گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران گراوٹ کے ساتھ 28 جولائی کو روپیہ ڈالر کے مقابلے اپنی کم ترین سطح پر آ گیا تھا اور 239 روپے 94 پیسے پر بند ہوا تھا جب کہ روپے کی قدر میں بحالی کا حالیہ سلسہ جمعے کے روز سے شروع ہوا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچا نے کہا کہ آج بھی پاکستان اور اس کی معیشت کے لیے ایک اچھا دن ہے کہ اس وقت انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں 224 روپے پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں