پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کے ذریعے امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
سیلاب زدگان کے لیے شاہ سلمان ریلیف مرکز(کے ایس ریلیف )کی طرف سے بھیجا گیا تیسرا خصوصی طیارہ 30 ٹن امدادی سامان لے کرکراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پربدھ کو پہنچا ہے۔
کراچی میں متعیّن سعودی عرب کے قونصل جنرل نے پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے نمایندے اور ملک میں کے ایس ریلیف کے ڈائریکٹر کے ساتھ ہوائی اڈے پر یہ امدادی سامان وصول کیا ہے۔
اس تیسرے خصوصی طیارے کے ذریعے بھیجے گئے سامان میں غذائی اورغیرغذائی اشیاء کے علاوہ کھجوریں، کمبل اور خیمے شامل ہیں۔یہ امدادی اشیاء حکومت کے تعاون سے پاکستان کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں ہرعلاقے کی ضروریات کے مطابق متاثرہ افراد میں تقسیم کی جائیں گی۔ان سے ہزاروں متاثرین مستفید ہوں گے۔
پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے یہ امدادی سامان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت بھیجاجارہا ہے۔سعودی عرب سے امدادی سامان لے کر آنے والے طیاروں کی آمد کا یہ سلسلہ آیندہ منگل 27 ستمبر تک جاری رہے گا۔