وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، شمالی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ سوات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا آغاز ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برستے ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد، سرائے عالمگیر، گجرات، پشاور ،دیربالا ،کوہاٹ،بنوں صوابی، چارسدہ ،خیبر سمیت کئی شہروں میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔
دوسری طرف گلیات میں برفباری کا آغاز ہو گیا۔ غذر، چلاس، گلگت ، کشمیر سمیت سوات کے سیاحتی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیر 14 نومبر کو پیر کے روز ایڈوائزری جاری کی تھی کہ خیبر پختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی و جنوبی پنجاب ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔