اسلامو فوبیا کے خلاف مسلمان ممالک انفرادی اور اجتماعی سطح پرآواز اٹھائیں: وزیر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اسلامی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کی پائیدار ترقی کی خاطر حکمت عملی وضع کرنے کیلئے تنظیم کی ایک کمیٹی تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم دنیا کو معاشی چیلنجز کےساتھ سلامتی کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ ’او آئی سی‘ کے رُکن ممالک نے دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ لڑی۔ انہوں نے اسلامو فوبیا کے خلاف مسلمان ممالک کی طرف سے انفرادی اور اجتماعی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے ایک منصوبہ بنائیں مقدس اسلامی مقامات کے تحفظ اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پراپیگنڈے اور تشدد کے خاتمے کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کیا جائے۔

انہوں نے موریطانیہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو پائیدار ترقی کو فروغ دینا چاہیے، جدید علوم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو حاصل کرنا چاہیے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ زیادہ ترمسلمان ممالک کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے انہیں اقتصادی آزادی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور بین الاقوامی مالیاتی ضوابط اور اداروں میں اپنے حق کو منوانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے اشتراک سے ایک واضح حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرادری نے کہا ہے کہ او آئی سی کو دہشتگردی کے خلاف اور اس سے تحفظ کیلئے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کریگا۔ انہوں نے او آئی سی ممالک سے درخواست کی کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے تنظیم کے رکن ممالک کردار ادا کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں