لوگ پی ٹی آئی چھوڑ نہیں رہے،ان سے زبردستی چھڑوائی جارہی ہے:عمران خان
اس طرح کبھی جماعتیں ختم نہیں ہوتیں،خواتین کارکنوں کی گرفتاری کا سب سے زیادہ دُکھ ہے:صحافیوں سے غیررسمی گفتگو
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ پارٹی چھوڑ نہیں رہے ہیں، بلکہ جماعت ان سے زبردستی چھڑوائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں منگل کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جب ایک صحافی نے سابق وزیراعظم سے یہ سوال کیا کہ کیا آپ کی جماعت کو مسرت چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ بھی چھوڑ کرجا رہے ہیں؟اس پر عمران خان نے کہا کہ وہ پارٹی چھوڑ کر نہیں جا رہے، بلکہ انھیں زبردستی ایسا کرنے پرمجبور کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کبھی جماعتیں ختم نہیں ہوتیں، پارٹی اس طرح ختم ہوتی ہے جیسے پاکستان جمہوری تحریک(پی ڈی ایم) ختم ہو رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے اپنی پارٹی کی کارکن خواتین کی گرفتاری کا سب سے زیادہ دُکھ ہے۔
ایک صحافی نے جب عمران خان سے سوال کیا کہ کیا تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحہ پرآ جائیں گی؟اس پر وہ صرف مسکرا دیے۔ان سے سوال کیا گیا کہ سیاستدان توخاندانوں کے ہمراہ عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں جبکہ کوئی اور ایسے پیش نہیں ہوتا۔اس پرعمران خان نے جواب دیا کہ یہ وقت بھی بدلے گا۔