پٹرولیم مصنوعات کی برطانوی کمپنی شیل نے پاکستان میں موجود اپنے کاروبار کو سمیٹتے ہوئے کمپنی کے تمام حصص فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شیل انٹرنیشنل کے پاکستان میں کاروبار کے 77 فی صد ملکیتی حصص فروخت کر رہا ہے۔
کمپنی کی طرف سے یہ فیصلہ ایسے موقع پر کیا گیا ہے کہ جب 2022 میں روپے کی قدر کم ہونے، ایکسچینج ریٹس میں غیر معمولی اتار چڑھائو اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شیل کمپنی کے ترجمان نے رائٹرز سے رابطے میں بتایا کہ "شیل انٹرنیشنل نے شیل پاکستان لیمٹڈ کے 77.42 فی صد حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"
شیل کے ترجمان کے مطابق حصص کی فروخت میں گروپ کے دیگر کاروبار بھی شامل ہیں جن میں پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (PAPCO) کے 26 فیصد مالکانہ حقوق بھی شامل ہیں۔
شیل پیٹرولیم کمپنی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ادارہ پاکستان میں اپنے حصص فروخت کر رہا ہے جس کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی جا چکی ہے، اس فروخت سے پاکستان میں جاری شیل کے آپریشنز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور وہ جاری رہیں گے۔