وزیراعظم بینک دولت پاکستان میں 2 ارب ڈالرکی منتقلی پرسعودی ولی عہد کے ممنون

شہبازشریف نے سفیر نواف بن سعید سے ملاقات میں فراخدلانہ اورغیرمتزلزل حمایت پرسعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے لیے فراخدلانہ اورغیرمتزلزل حمایت پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ حالیہ معاہدہ طے کرانے میں سعودی قیادت نے خاص طور پر اہم کردار ادا کیا ہے۔

انھوں نے یہ بات اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے منگل کے روز گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔میاں شہباز شریف نے سعودی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ وہ بینک دولت پاکستان میں 2 ارب ڈالر جمع کروانے پر ان کی طرف سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کریں۔

انھوں نے سفیر نواف کو حال ہی میں قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس ایف آئی سی) کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ سعودی عرب سمیت خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان بنایا جاسکے۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، انفراسٹرکچر اور لیبر سمیت کلیدی شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

سفیر نواف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کے ساتھ مددوتعاون کی مستقل روایت پر مبنی برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اور عوام سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے جلد سے جلد دورۂ پاکستان کے بے چینی اور شدت سے منتظر ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں