سعودی عرب کے باہر سے عمرہ ویزا کے لیے براہ راست درخواست کی سہولت متعارف
”نسک “ سروس کے ذریعے بغیر کسی واسطے کے درخواست دی جا سکے گی
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے بدھ کے روز "نسک عمرہ" سروس کا آغاز کیا ہے جو ایک اہم قدم ہے اس سروس مملکت سعودی عرب سے باہر کے عمرہ زائرین کو بغیر کسی واسطے کے عمرہ ویزا حاصل کرنے اور ان کے سفر سے متعلق خدمات کی بکنگ کے لیے براہ راست درخواست دینے کے قابل بناتی ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ ان سہولیات کا حصول "https://umrah.nusuk.sa/" پلیٹ فارم کے ذریعے ممکن ہوگا۔
"نسک عمرہ" سروس مملکت سے باہر سے عمرہ ادا کرنے کے خواہشمندوں کے لیے ایک نیا آپشن ہے۔ دیگر آپشنز بھی موجود ہیں جیسا کہ عمرہ زائر ملک میں اہل ایجنٹوں کے ذریعے بھی درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ ان ایجنٹوں کو "نسک عمرہ" پلیٹ فارم کے ذریعے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ یہ نئی سروس مکمل پیکیج یا علیحدہ خدمات کا انتخاب کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ ان سروسز میں ویزا، رہائش، ٹرانسپورٹ، معلوماتی دورےاور معاون خدمات شامل ہیں۔
اس میں جدید انٹرفیس کے ذریعے پیکیج کو ان کی خواہشات اور ضروریات کے مطابق ڈیزائن کرنے کی بھی سہولت ہے جو سات زبانوں کی حمایت کرتا ہے اور متعلقہ سرکاری نظاموں کے ساتھ مربوط ہے۔ اس سروس کا مقصد ایک متحد اور ہموار ڈیجیٹل تجربے کو یقینی بنانا ہے۔
یہ سروس مختلف طبقوں کے لیے متعدد ادائیگی کے اختیارات فراہم کرتی ہے جو عمرہ زائر کو درخواست دینے سے لے کر داخلہ ویزا حاصل کرنے تک تمام اقدامات کو الیکٹرانک طور پر مکمل کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اس میں پیکیج اور خدمات کے متنوع اختیارات بھی شامل ہیں جو مختلف ضروریات اور خواہشات کو پورا کرتے جس سے ایک آسان اور بھرپور تجربہ حاصل ہوتا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے اس بات پر زور دیا کہ "نسک عمرہ" سروس کا آغاز مملکت کے ” ویژن 2030 “ کے اہداف کو حاصل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو آسانی اور سہولت کے ساتھ حج اور عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے قابل بنانا اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔