پاکستانی افرادی قوت کے حصول کی خاطر سعودی فرم کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

سعودی عرب کی ایک معروف کنٹریکٹنگ کمپنی ،نِسما اینڈ پاٹنرز (Nesma & Partners) نے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (POEC) کے ساتھ اپنے جاری اور آنے والے منصوبوں کے لیے ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنے کے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کے مطابق یہ پیشرفت پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک اور نِسما اینڈ پارٹنرز کے سی ای او سامر عصام عبدالصمد کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آئی۔

پی او ای سی اور نِسما اینڈ پارٹنرز کے درمیان ہونے والا تاریخی معاہدہ سعودی عرب کو خاص طور پر تعمیرات کے شعبے میں نِسما کے منصوبوں کے لیےہنر مند پاکستانی لیبر کی برآمد کو یقینی بنائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سب سے بڑی کنٹریکٹنگ کمپنی، نِسما مشرق وسطیٰ میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے چیلنجوں کے حل کے لیے اختراعی حل پیش کرتی ہے۔

یہ کمپنی سعودی عرب کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 1981 میں قائم کی گئی تھی۔ کمپنی نے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے چار شیئر ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری قائم کی، جن میں سے ہر ایک کا توانائی، تعمیرات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی کامیاب تکمیل کا چالیس سالوں پر محیط ٹریک ریکارڈ ہے۔

نِسما 56 سے زیادہ قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 35,000 سے زیادہ ملازمین کی متنوع افرادی قوت کی حامل کمپنی ہے۔ سعودی مملکت کے وژن 2030 سے متاثر ہو کر، نیسما تعمیراتی شعبے کی کلیدی صنعتوں کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور پائیدار بنیادیوں پر میگا پروجیکٹس کی تکمیل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

نِسما کے ساتھ تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کا معاہدہ ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سب سے بڑی تعداد مختلف شعبوں میں مصروف عمل ہے۔ یہ 20 لاکھ سے زیادہ پاکستانی محنت سے کمائی گئی رقم پاکستان بھیجتے ہیں جو کہ اس مد میں کسی بھی ملک سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں سب سے زیادہ ہے۔

وزارت برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی نے افرادی قوت کی فراہمی کی پیش رفت کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے مملکت کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے خاطر خواہ پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو گی۔

نِسما اینڈ پارٹنرز، سعودی عرب میں ایک سرکردہ کنسٹرکشن کمپنی کے طور پر مملکت کے اندر متعدد میگا پراجیکٹس کی تکمیل میں مصروف عمل ہے۔ یہ معاہدہ پاکستانی کارکنوں کو اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے اور بنیادی ڈھانچے کے ان اہم منصوبوں کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرے گا۔

یہ پیش رفت پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی جس کا مقصد مملکت میں پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون اور روزگار کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

بیان کے مطابق، نیسما کے سی ای او سے ملاقات کے دوران، پاکستان کے وزیر اعظم کے معاون نے پاکستانی کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے سعودی فرم کے عزم کے لیے پرخلوص شکر گزاری کے جذبات کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں