آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی یو این سکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے امریکہ میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتے کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر امریکہ کے دورے پر ہیں اور جمعے کو بھی انہوں نے امریکہ کے اہم حکومتی و فوجی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل عاصم منیر کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور پاکستان کی فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا جو دنیا میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف نے پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

جنرل عاصم نے انتونیو گوتریس کے ساتھ بات چیت میں خصوصی طور پر غزہ اور کشمیر کی صورت حال کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں حل نہیں کر لیا جاتا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ نے انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی بھی مذمت کی اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔

جنرل عاصم منیر نے جمعے کو بھی امریکہ کے اہم حکومتی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں