بارھویں عام انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر میں پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہو گیا ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی جبکہ وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کو جمعرات کو جاری کیے جانے والے بیان میں وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
’اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
پاکستان میں انتخابات کے لیے پولنگ سے قبل الیکشن مہم کے دوران دہشت گردی کے درجنوں واقعات ہوئے۔
ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں، اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) February 8, 2024
عام انتخابات میں پولنگ سے ایک دن قبل صوبہ بلوچستان کے دو اضلاع پشین اور قلعہ سیف اللہ کیے گئے دھماکوں میں 29 افراد مارے گئے۔
دونوں دھماکوں میں مقامی انتخابی امیدواروں کے حامیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ملک کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موبائل فون کس وقت تک معطل رہے گی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پولنگ ڈے سے ایک دن قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ انٹرنیٹ سروس بند نہیں کی جائے گی۔