خفیہ اطلاعات پر پشاور میں فورسز کی کارروائی، دو فوجی اہل کار جاں بحق
پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے جانے والے آپریشن میں پانچ دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے
سکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک کیپٹن اور ایک حوالدار نے بھی اپنی جان دفاع وطن پر قربان کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حولدار شفیق اللہ شہید ہو گئے، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز وطن سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
کیپٹن حسنین جہانگیر شہید کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے اور ان کی عمر 25سال تھی۔ کیپٹن حسنین نے چار سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
حوالدار شفیق اللہ شہید ضلع کرک کے رہائشی اور عمر 36 سال تھی۔ انہوں نے 18 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑیں۔