پاکستانی اور جنوبی افریقی افواج کی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشق اقبال اوّل اختتام پذیر
سپیشل سروسز گروپ، فوج اور جنوبی افریقہ کے سپیشل فورسز گروپ کی شرکت
پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کی افواج کے درمیان شمال مغربی پہاڑی مقام چیرات میں ہونے والی انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشق کی اختتامی تقریب اتوار کو منعقد ہوئی۔
دو ہفتے کی مشق اقبال اوّل 15 سے 27 اکتوبر تک چیرات میں ہوئی جس میں پاکستان کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی)، پاک فوج اور جمہوریہ جنوبی افریقہ کی سپیشل فورسز کی جنگی ٹیموں نے حصہ لیا۔ یہ بات فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتائی۔
آئی ایس پی آر نے کہا، "مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے سی ٹی آپریشنز میں شامل مشقوں، طریقہ کار اور تکنیک کو بہتر بنانا تھا۔ اس کے علاوہ دوست ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔"
پاکستان کے سپیشل آپریشن سکول کے کمانڈنٹ نے بطور مہمانِ خصوصی اختتامی تقریب میں شرکت کی جبکہ جنوبی افریقہ کی سپیشل فورسز کے چیف آف سٹاف کرنل ایس ایس لیچونیو بھی موقع پر موجود تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا، "فوجیوں نے مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارات کا مظاہرہ کیا۔"
پاکستان معمول کے مطابق دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ فضائی، زمینی اور بحری مشقیں کرتا ہے تاکہ عالمی امن کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ تعیناتی کے تصورات کو فروغ دیا جائے۔
ان ممالک کے کئی کیڈٹس خصوصی فوجی تربیت حاصل کرنے کے لیے ہر سال جنوبی ایشیائی ملک پاکستان کا دورہ کرتے ہیں جس نے عشروں سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔