پاکستان: 633 عازمین حج آج جدہ پہنچیں گے ، وزارت مذہبی امور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ 633 پاکستانی عازمین حج آج جدہ پہنچیں گے۔

یہ عازمین حج 'روڈ ٹو مکہ انیشی ایٹیو' کے تحت اسلام آباد سے جدہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس سلسلے میں دو الگ الگ پروازیں عازمین حج کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

خیال رہے سال 2025 میں تقریباً 89000 عازمین حج سرکاری حج سکیم کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔ جبکہ 23620 عازمین حج نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کے سفر پر روانہ ہوں گے۔

پاکستان نے حج فلائٹ آپریشن کا آغاز 29 اپریل سے کیا ہے جو 31 مئی تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں پہلے 15 دنوں تک کی پروازیں عازمین حج کو مدینہ منورہ لے جانے کے لیے تھیں۔ اس کے بعد عازمین حج کی پروازیں جدہ اور مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گی۔

یاد رہے 'مکہ روڈ انیشی ایٹیو' امیگریشن کے عمل کو بہتر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ تاکہ عازمین حج کی سفری کارروائیوں کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ اس کا آغاز 2019 میں اسلام آباد سے کیا گیا۔ بعدازاں کراچی تک 'مکہ روڈ انیشی ایٹیو' کو بڑھا دیا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2025 کے لیے اب تک 29000 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سے 14000 مکہ مکرمہ اور 15000 مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی عازمین حج منی میں قیام کے دوران ایئر کنڈیشنڈ کیمپوں میں ہوں گے۔ نیز انہیں عزیزیہ اور بتہ قریش کے اعلیٰ معیار کے ہوٹلوں میں رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

علاوہ ازیں پاکستانی عازمین حج کو فراہم کیے گئے بیگ میں پاکستان کا پرچم، شناخت کے لیے QR کوڈ اور متعلقہ معلومات ہوں گی۔ نیز موبائل ایپ کے ذریعے حج معلومات ، تربیتی نظام الاوقات، پرواز و رہائش کی تفصیلات، مقدس مقامات تک رسائی کے لیے نقشے دستیاب ہوں گے۔

یاد رہے حج 2025 میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سعودی عرب نے 'حج نیویگیٹر' اور 'توکلنا' ایسی ایپس تیار کی ہیں۔ تاکہ عازمین حج کو بہتر انداز میں رہنمائی فراہم کی جائے اور ان کے حج کے سفر کو یادگار بنایا جا سکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں