پاک افغان سرحد سے ناکام دراندازی کی کوشش میں 30 دہشت گرد ہلاک
پاکستان فوج نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ تین دنوں میں افغانستان سے سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ خوارج عسکریت پسند مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر دو اور تین جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ’’فتنہ خوارج‘‘کی بڑی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
یہ دہشت گرد گروہ، جسے بھارت کی مکمل سرپرستی حاصل تھی، پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، جسے مؤثر جوابی کارروائی کے دوران جہنم واصل کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تمام 30 دہشت گردوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کردیا گیا۔ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز کی اس بروقت کارروائی نے ملک کو ممکنہ بڑے سانحے سے محفوظ کرتے ہوئے بڑی تباہی سے بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کا دفاع اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور تیار ہیں۔ اس حوالے سے افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے ’’غیر ملکی پراکسیز‘‘کے استعمال سے روکے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔
ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنۃ خوارج کے 30 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل قلع قمع تک فورسز کی کارروائیاں اسی جذبے سے جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں نہایت حوصلہ افزا ہیں، ملک دشمن عناصر کے خاتمے اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے قوم کا عزم غیر متزلزل ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے ’دراندازی کی کوشش ناکام بنانے‘ پر ان کی تعریف کی۔
ان کے دفتر سے آج جاری بیان میں کہا گیا ’ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘ بیان میں بھی کہا گیا کہ انڈیا پاکستان میں شدت پسندی کو ہوا دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنۃ الہندوستان کے 30 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ہمارے بہادر جوانوں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا، سیکیورٹی فورسز نے جس جرات اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔