وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خليفة بلقاسم حفتر نے وفد کے ہمراہ جمعہ کو وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نے لیبیا کے کمانڈر ان چیف اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔
لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف نے پاکستان میں ان کے استقبال اور میزبانی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کے کمانڈر انچیف جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ملاقات کی جس میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی شعبے میں تعاون اور تکنیکی تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیبیا کے کمانڈر انچیف جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل صدام خلیفہ حفتر نے اس موقع پر جی ایچ کیو میں شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور پاک فوج کے شہدا کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی جمعہ کے روز نیول ہیڈکوارٹرز میں علاحدہ ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔