وزیراعظم شہباز شریف کی مدینہ منورہ آمد، روضہ رسولؐ پر حاضری
وزیرِ اعظم کی آمد پر وزیرِ اعظم اور وفد کے لیے روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے دوران مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں جہاں انھوں نے مسجد نبوی میں حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے دعائیں کیں۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سنیچر کی شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تو ان کا استقبال مدینہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان نے کیا۔
مدینہ میں قیام کے دوران وزیرِ اعظم نے مسجد نبوی میں حاضری دی، نوافل ادا کیے اور پاکستان سمیت عالم اسلام کے لیے امن و استحکام کی دعائیں مانگیں۔ ’وزیرِ اعظم کی آمد پر وزیرِ اعظم اور وفد کے لیے روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے۔‘ اس موقع پر انھیں روضۂ رسول پر حاضری اور سلام پیش کرنے کا بھی موقع دیا گیا۔
مدینہ منورہ: 16 اپریل 2026۔
— Prime Minister's Office (@PakPMO) April 16, 2026
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے. گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا مدینہ منورہ آمد پر استقبال کیا.
وزیرِ اعظم نے مدینہ منورہ میں مسجد النبوی میں حاضری دی اور ملک و قوم… pic.twitter.com/KV3kXf6ePW
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات کے تناظر میں اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں روابط کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کی موجودگی بھی دوطرفہ تعلقات میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ آج شہباز شریف دورہ قطر کے لیے دوحہ پہنچیں گے۔ ’دوحہ میں وزیرِ اعظم کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے دو طرفہ ملاقات ہوگی.‘ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔