مکہ مکرمہ میں مسجد حرام کی تیسری سعودی توسیع، بنیادی نوعیت کی تبدیلی کی جانب گامزن ہے۔ تبدیلی کے اس سفرکا محور 6 نئے پُلوں کی تعمیر ہے جو توسیع کو حرم کی تمام سمتوں سے مربوط کرتے ہیں۔ اس کا مقصد ایک طرف تو نقل و حرکت میں آسانی پیدا کرنا ہے اور دوسری طرف عمر رسیدہ، بیمار اور معذور افراد کی خدمت ہے۔
اس سلسلے میں ایک سرکاری ذمہ دار نے بتایا کہ " حرم مکی کی توسیعات ملانے والے پُلوں سے مربوط ہیں۔ یہ پُل تیسری سعودی توسیع اور مطاف منصوبے کے درمیان ہیں۔ اس کے علاوہ مطاف منصوبے کو مسعی کے منصوبے سے بھی ملاتے ہیں"۔
"الصفا پُل" 430 میٹر لمبا ہے۔ اس کے ذریعے زیرزمین سرنگوں اور عزیزیہ کی جانب سے آنے والے معتمرین میزانائن ، صفا، دوسری منزل کے طواف کے مقام اور بابِ ملک عبدالعزیز کے داخلی راستے تک پہنچ سکتے ہیں۔
حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی کے ایک اہل کار کے مطابق " لوگوں کا استفسار ہوتا ہے کہ اس پُل پر کہاں سے داخل ہوا جاسکتا ہے ! اس کے لیے ایک داخلہ پوائنٹ شبیکہ کے مقام پر اور دوسرا جیاد کے مقام پر ہوگا۔ یہاں سے معتمرین براہ راست پُل پر داخل ہوسکتے ہیں"۔
"جیاد پُل" کے دو متصل راستوں میں سے ایک کو پیدل چلنے والوں کے لیے اور دوسرے کو معذور اور عمر رسیدہ افراد کی وہیل چییئرز کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ یہ پُل جیاد اور عزیزیہ سے براہ راست حرم کے اندر آنے والے زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بناتا ہے۔
اسی طرح شمالی صحن میں واقع 410 میٹر طویل "باب عمرہ پُل" ہے۔ یہ پُل شارع السّتّین اور مسفلہ سے آنے والوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔
سعی کے اختتام پر عمارت کے باہر واقع "المروہ پُل" ہے۔ 525 میٹر طویل یہ پُل غزّہ اور حجون کے علاقوں سے آنے والے زائرین کا استقبال کرتا ہے۔
اس کے پڑوس میں ایک اور پُل ہے جو "وہیل چیئرز" کے لیے مخصوص ہے جس کی لمبائی 370 میٹر ہے۔ یہ پہلی منزل پر 40 میٹر لمبے پُرانے "المروہ پُل" سے متصل ہے۔