عراق : داعش نے پارلیمانی انتخابی امیدوار کی ہلاکت کی ذمّے داری قبول کر لی
داعش تنظیم نے پیر کے روز ٹیلی گرام پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے ایک پیغام میں عراقی انتخابات کے ایک نامزد امیدوار کو ہلاک کرنے کی ذمّے داری قبول کر لی۔ اس سے قبل عراقی صوبے نینوی میں پولیس نے بتایا تھا کہ مسلح افراد کے ایک گروپ نے موصل کے جنوب میں واقع گاؤں اللزاکہ میں انتخابی امیدوار فاروق محمد زرزور کے گھر پر حملہ کر کے انہیں قتل کر دیا۔
واضح رہے کہ زرزور کا تعلق عراقی سیاست دان ایاد علاوی کے سیاسی اتحاد "عراقی نیشنل لِسٹ" سے تھا۔ عراقی میڈیا ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے رات کے وقت زرزور پر چاقوؤں سے حملہ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور پھر فرار ہو گئے۔ ادھر سب تحصیل القیارہ کے ڈائریکٹر صالح الجبوری نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مسلح افراد نے زرزور کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران انہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا۔
یاد رہے کہ عراقی پارلیمانی انتخابات میں شریک متعدد امیدواروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں کئی امیدوار زخمی ہوئے۔
عراق میں پارلیمانی انتخابات ہفتہ 12 مئی کو ہو رہے ہیں۔