مردوں کے لیے ازدواجی مسرت کی 10 باتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
6 منٹس read

شادہ شدہ افراد کے لیے خوشگوار ازدواجی زندگی کا حصول مطلوب ترین امر سمجھا جاتا ہے۔ ہر کوئی اس کی کوشش کر رہا ہوتا ہے مگر زندگی کی مشکلات اور دباؤ بڑی حد تک رکاوٹ بن جاتے ہیں۔

اس سلسلے میں مرد کے کاندھے پر اس بات کی زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اور اپنی شریک حیات کی زندگی میں مسرت کو راستہ دے۔ بعض سادہ اور آسان سے الفاظ ہیں جن کو مرد متواتر طور پر اپنا لے تو زوجہ کے دل میں ان کلمات کی بڑی قدر و منزلت ہوتی ہے۔ ان کے ذریعے مسرت اور طویل عرصے تک پائے دار ازدواجی زندگی کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اگر کسی موقف پر آپ دونوں کا اختلاف ہوجائے مثلاً آپ کی زوجہ کسی کام کو ناگزیر کہے اور آپ اس کے برعکس اصرار کریں اور پھر آخرکار واضح ہو جائے کہ وہ حق پر تھی تو ایک لمحہ ہچکچائے بغیر اسے آگاہ کر دیں کہ اس کی رائے درست تھی تاکہ آپ کی زوجہ کو اندازہ ہو جائے کہ آپ اس کی رائے کی کتنی قدردانی اور احترام کرتے ہیں۔

کسی شخص سے محبت کی جاتی ہے تو وہ اسی حال میں محبوب ہوتا ہے بلکہ محبت کا جوہر تو یہ ہے کہ آپ اپنی زوجہ سے اس کی خوبیوں سے پہلے اس کی خامیوں کے ساتھ محبت کریں۔ اس لیے کہ آپ نے اپنی زوجہ کو اس کی ابتدائی حالت کے ساتھ قبول کیا تھا اور ضروری ہے کہ آپ اسے اس بات سے آگاہ کریں تاکہ وہ بھی محسوس کرے کہ آپ اسے اسی حالت پر قبول کر رہے ہیں جیسی کہ وہ ہے۔ اگر زوجہ کے برتاؤ میں کچھ باتیں ایسی ہیں جن کی تبدیلی کے آپ خواہش مند ہیں تو بالواسطہ طور پر اس کی توجہ ان امور کی جانب دلائیں۔ یقین جانیے مسرت اسی راستے آتی ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ تعریفی کلمات کا عورت کے کانوں پر ہمیشہ جادوئی اثر ہوتا ہے یہاں تک کہ اگر وہ حقیقت سے دور بھی ہوں۔ تاہم سچائی کے ساتھ ان کے اظہار سے شریک حیات کو اعتماد اور اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔ آپ کی زوجہ کو ہمیشہ ایسے جملے سننے کی ضرورت ہوتی ہے جن سے یہ باور ہو کہ آپ اس کے ساتھ جُڑنے پر پشیمان نہیں، اس لیے کہ محبوب ہونے پر ہم سب ہی اچھا محسوس کرتے ہیں۔ لہذا ہمیشہ اپنی زوجہ کے لیے تعریفی کلمات کے خواہاں رہیے۔

آپ کی زوجہ کو کمزوری، بیماری یہاں تک کہ کسی بحرانی کیفیت سے دوچارگی کے وقت بھی آپ کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ مدد اس کی بات سن کر یا ہدایات و نصائح پیش کر کے حتی کہ مدد کے لیے لازمی اقدامات کرکے بھی ہوسکتی ہے۔ خبردار ! کمزوری اور تشویش کی حالت میں کبھی اپنی زوجہ کو تنقید کا نشانہ مت بنایے۔

اگر آپ دونوں کو کسی انتہائی مشکل کا سامنا ہو یا کوئی سنگین صورت حال سامنے آجائے تو اس بات پر زور دیجیے کہ آپ اپنی زوجہ کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ اس لیے کہ اس سے بہتر کوئی شخص نہیں ہوتا جو ہمیشہ ہمیں اس بات کا احساس دلائے کہ اس کی زندگی میں ہماری ایک حیثیت ہے۔

یہ ناگزیر ہے کہ آپ اپنی زوجہ سے کہیں کہ وہ خوبصورت ہے تاکہ وہ محسوس کرے کہ آپ اس سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے کہ خوشی کا احساس اپنوں کے راستے آتا ہے۔ آپ وہ شخص بنیں جو اپنی زوجہ کے دل میں مسرت لانے کا ذریعہ ہو۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ یہ کہیں کہ وہ کسی خاص کپڑوں میں خوبصورت نظر آتی ہے یا بالوں کا کوئی خاص انداز اس کو پرکشش بنا دیتا ہے، یہاں تک کہ آپ ہمیشہ اس میں خود اعتمادی پیدا کریں۔

ہمیشہ اس بات کے خواہاں رہیں کہ کسی خاص موقع پر آپ کی جانب سے کچھ نامناسب معاملہ ہو گیا ہو تو اس پر معذرت کر لیں۔ گھمنڈ سے خبردار رہیے کیوں کہ آپ دونوں کے درمیان اختلاف کا آغاز اسی نقطے سے ہوتا ہے۔ غلطی تسلیم کر لینے سے آپ کی شان میں ہر گز کوئی کمی نہیں آئے گی بلکہ آپ اپنی زوجہ کے دل کے قریب سے قریب تر ہو جائیں گے۔

ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اور اپنی یادوں کے بارے میں گفتگو کرے۔ زیادہ خوش گوار بات یہ ہے کہ آپ پہل کرتے ہوئے اپنی زوجہ سے مطالبہ کریں کہ وہ اپنی پرانی یادیں آپ کو بتائے۔ ان باتوں کو غور اور توجہ سے سنیں خواہ وہ کتنی معمولی نوعیت کی ہی کیوں نہ ہوں۔ آپ کی توجہ اس کے دل کو انتہائی مسرور کر دے گا جس کا آپ دونوں کی زندگی پر مثبت عکس نظر آئے گا۔

ہمیشہ اس بات کا اظہار کرتے رہیں کہ آپ کو ہر سطح پر اپنی زوجہ کی ضرورت ہے۔ یہ نہ سمجھیے کہ وہ اس کو جانتی ہے اور اس کو یہ سننے کی ضرورت نہیں، بلکہ معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ کان میں بات پڑتے رہنے کا شدید اثر ہوتا ہے کیوں کہ یہ احساس دلانے کے ساتھ ساتھ اس کو مضبوط بھی کرتا ہے۔

جہاں تک ممکن ہو اپنی زندگی کے بعض امور میں زوجہ کی رائے لینے کی کوشش کریں۔ مثلا ملازمت یا کوئی خاص لباس وغیرہ۔ اس لیے کہ شریک حیات کو جتنا یہ احساس ہوگا کہ آپ کی زندگی میں اس کا اہم کردار ہے اتنا ہی آپ دونوں کے درمیان مسرت میں اضافہ ہوگا، کیوں کہ یہ الفاظ اس پر جادو کر دیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں