.

ریاض: دہشت گردی مخالف اسلامی فوجی اتحاد کی ویب سائٹ کا افتتاح‎

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی سرکاری ویب سائٹ متعارف کرا دی گئی ہے۔ دہشت گردی مخالف اسلامی فوجی اتحاد‎ (آئی ایم سی ٹی سی) کی ویب سائٹ تین زبانوں عربی، انگلش اور فرانسیسی میں متعارف کرائی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق www.imctc.org کے ذریعے اس فوجی اتحاد کی خبریں عام لوگوں کو فراہم کی جائیں گی جبکہ اس اتحاد کے مختلف شعبوں کا ڈیٹا دیکھا جا سکے گا۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے اسلام کے حوالے سے مثبت پیغام لوگوں کو دیا جائے گا۔ اعتدال پسندی کو فروغ، تحمل مزاجی اور شدت پسندانہ سوچ کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ویب سائٹ کے ذریعے عسکریت پسند تنظیموں کے خیالات کی تردید کے لیے مواد اور شواہد بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ویب سائٹ کا ایک حصہ دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والے سرمائے کی روک تھام کے لیے کام کرے گا جبکہ فوجی اتحاد کے درمیان تعاون کی کوششیں، وسائل اور منصوبہ بندی وغیرہ اس ویب سائٹ کا حصہ ہوں گے۔

فوجی اتحاد نے ٹوئٹر اور فیس بک کے لیے بھی تین، تین اکاﺅنٹس بنائے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی افتتاحی تقریب اتوار (26 نومبر) کو ریاض میں منعقد کی جائے گی۔ پاکستان فوج کے ریٹائرڈ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رواں سال اپریل میں پاکستانی حکومت کی اجازت کے بعد اس فوجی اتحاد کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔