مصر کے سرکاری ٹی وی کی میزبان کے پیچھے’’ تیسرا ہاتھ‘‘ کس کا تھا؟
مصر کا سرکاری ٹیلی ویژن چینل ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا کے صارفین کے لیے موضوع سخن بن گیا ہے اور اس کا ایک خاتون میزبان کے پیچھے براہ راست نشریات کے دوران میں ایک تیسرا ہاتھ نمودار ہونے پر خوب ٹھٹھا اڑایا جارہا ہے۔
یہ واقعہ مصر کے بین الاقوامی نیل ٹی وی چینل پر رونما ہوا ہے اور اس کی اس میزبان کی سکرین تصویر اب مصریوں کے درمیان سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہے۔
ہوا یہ کہ یہ خاتون اینکر اپنی نشست پر تشریف فرما تھی اور وہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے بے خبر ٹی وی پر براہ راست گفتگو میں مگن تھی۔ اس دوران میں اس کے ایک ساتھی ورکر کا اچانک ہاتھ نمودار ہوگیا اور وہ اس کی کرسی پر کوئی چیز ٹھیک کرنے یا اس کو کچھ پکڑانے کی کوشش کرتا نظر آرہا ہے۔
مصری حکام نے اس واقعے کی فوری تحقیقات شروع کردی ہے۔اس سرکاری چینل کے صدر سامح رجائی نے وضاحت کی ہے کہ اس ساتھی ملازم نے خاتون میزبان کو ایک کاغذ تھمانے کی کوشش کی تھی ۔اس پر شو میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے نام لکھے تھے۔
لیکن بدقسمتی سے وہ ملازم خود کو کیمرے کی آنکھ سے نہ بچا سکا اور اس کا ہاتھ کیمرے کی زد میں آگیا۔ اس نے جس انداز میں ہاتھ آگے کیا تھا، وہ بھی کوئی اچھا تاثر نہیں دے رہا تھا۔