کرونا وائرس:دبئی میں گھر میں موسیقی طائفے کی محفل سجانے پرعورت کو 2722 ڈالر جرمانہ
دبئی میں پولیس نے ایک عورت کو اپنے گھر میں رقص وسرود کی محفل سجانے پر 2722 ڈالر (10 ہزار درہم) جرمانہ عاید کردیا ہے۔اس عورت نے دبئی میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اجتماعات پر عاید پابندی کے ضابطے کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا تھا اور موسیقی کی یہ محفل منعقد کی تھی۔
پولیس نے اس عورت کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ البتہ بتایا ہے کہ اس نے اپنے گھر میں موسیقی کے ایک طائفے کی پارٹی کا اہتمام کیا ہے۔اس بینڈ نے متعدد مہمانوں کے سامنے اپنے فن کا جادو جگایا تھا۔ان مہمانوں نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی کی تھی اور نہ ان میں سے کسی نے چہرے پر فیس ماسک پہن رکھا تھا۔
دبئی پولیس کے شعبہ تفتیش جرائم عامہ کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر جمال سالم الجلاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس عورت کو 2020ء کے ضابطہ نمبر 38 کی خلاف ورزی کے الزام میں 10 ہزار درہم جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔ اس ضابطے کے تحت جوکوئی فرد بھی لوگوں کو کسی اجتماع یا اجلاس میں شرکت کی دعوت دے گا،نجی یا عوامی سطح پر کوئی تقریب منعقد کرے گا اور عوامی مقامات یا نجی فارموں میں لوگ موجود ہوں گے تو انھیں جرمانہ عاید کیا جائے گا۔
الجلاف کا کہنا ہے کہ موسیقی بینڈ کے ارکان اور گھر میں منعقدہ تقریب میں موجود تمام افراد کو 1361ڈالر (5000 درہم) فی کس جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔
دبئی پولیس نے اس سے ایک روز پہلے ہی اتوار کو ایک عرب اداکارہ کو دو ریستورانوں میں اپنی سالگرہ کی تقاریب منعقد کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔پولیس نے اس اداکارہ کی شناخت نام کے صرف ابتدائی حروف ’’م ،ح‘‘ سے ظاہر کی ہے۔اس نے ان دونوں تقاریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں۔
جمال سالم الجلاف نے واضح کیا ہے کہ جو کوئی شخص بھی اکٹھ یا اجتماعات منعقد کرے گا،نجی اور عوامی مقامات پر تقاریب سجائے گا تو اس پر 10 ہزار درہم جرمانہ عاید کیا جائے گا۔