.

حرمین میں 'زم زم' کو کیسے ٹھنڈا کیا جاتا اور زائرین میں تقسیم کیا جاتا ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے 'حرمین جنرل پریذیڈینسی' نے مسجد نبوی میں زم زم کے پانی کو ٹھنڈا کرنے کے لیے 'زمزم کولنگ یونٹ' کا افتتاح کر دیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حرمین پریذیڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے زمزم کولنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔

یہ یونٹ حرمین پریذیڈینسی کے مسجد نبوی میں سروسز اور فراہمی آب کے امور کے تحت کام کرے گا۔ زمزم کولنگ یونٹ کے لیے 90 میٹر جگہ مختص کی گئی ہے جس میں ایک لاکھ 20 ہزار زمزم بوتلیں اسٹور کرنے اور ایک منٹ میں 180 بوتلیں ٹھنڈا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس یونٹ کے قیام کا مقصد زائرین مسجد نبوی کو بر وقت اور معیاری پانی بالخصوص زمزم مبارک فراہم کرنا ہے۔

رواں عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی مسجد حرام کی انتظامیہ نے حرم شریف اور مسجد حرام میں مختلف مقامات پر زمزم ٹھنڈا کرنے کے لیے پلانٹ لگائے تھے جہاں سے 30 لاکھ لیٹر زم زم معتمرین اور زائرین میں تقسیم کیا گیا۔

وبائی صورت حال کے پیش نظر حرمین کی انتظامیہ نے مسجد حرام میں‌ پانی اور زمزم کی تقسیم کے لیے بھی احتیاطی طریقہ کار اپناتے ہوئے 50 افراد کو زمزم کی فراہمی پر مامور کیا۔ ان میں سے ہرایک کو پانی کے لیے کولر دیا گیا جس میں 10 لیٹر پانی کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ پانی فراہم کرنے والے ہر ملازم کو پلاسٹک کے 200 کپ دیے جاتے ہیں جن میں وہ پانی تقسیم کرتا ہے۔