.

سعودی عرب: آسمانی بجلی گرنے سے پہاڑ میں دراڑ، چٹانوں کے کئی ٹکڑے؛ویڈیو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک پہاڑ میں دراڑ آگئی ہے اور اس کی چٹانیں کئی حصوں میں بٹ گئی ہیں۔

ٹویٹر کے ایک صارف ایمن دیان نے ٹویٹر پر سعودی عرب میں آسمانی بجلی گرنے کے اس واقعہ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

وہ لکھتے ہیں:’’اگرآپ اس بات پرحیرت زدہ ہیں کہ کیا آسمانی بجلی گرنے سے پہاڑ بھی دو حصوں میں بٹ سکتا ہے تو پھراس ٹویٹ کا جواب دیکھیں۔ایسا سعودی عرب کے جنوب میں ہوا ہے۔‘‘

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پہاڑ پر بجلی گرتی ہے۔دوسری ویڈیو میں بجلی کے گرنے کے بعد کا منظر ہے۔اس سے پہاڑی چٹان ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی ہے اور پہاڑ میں ایک دراڑ آگئی ہے۔

آسمانی بجلی چمک کے ساتھ کڑک دار آواز پیدا کرتی ہے۔ایسی آواز صرف آسمان میں بھی ہوسکتی ہے۔آسمانی بجلی زمین پر پڑنے کی صورت میں جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے۔اگر کسی انسان پر بجلی گر جائے تو وہ جل کر ہلاک ہوجاتا ہے اور فصلیں یا درخت تباہ ہوجاتے ہیں۔

امریکا کی قومی موسمیاتی سروس کے مطابق عام طور پر بجلی کی چمک کی شدّت قریباً 30 کروڑ وولٹ اور قریباً 30 ہزار ایمپیئر ہوتی ہے جبکہ گھروں میں استعمال ہونے والی بجلی کی طاقت 120 وولٹ اور15 امپیئر ہوتی ہے۔