مدینہ منورہ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مسجد نبویﷺ کے صحن میں ایک پاکستانی خاتون اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ’توہین آمیز‘ اور ’جارحانہ‘ زبان استعمال کرنے پر 5 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مدینہ پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’مسجد نبوی کے صحن میں جارحانہ طرزعمل میں ملوث افراد کو حراست میں لے کران کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرکے انہیں متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔‘
پولیس ترجمان نے کہا کہ ’یہ لوگ مسجد نبویﷺ کے تقدس کے منافی عمل کے مرتکب ہوئے تھے اور ان کی اس حرکت سے زائرین کی سلامتی متاثر ہوئی ہے۔‘
اس سے قبل پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ترجمان نے مدینہ میں جمعرات کو ہونے والے واقعے کے بعد پاکستانی شہریوں کی گرفتاریوں کی تصدیق کی تھی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر جانے والے پاکستانی وفد کے ارکان کی مسجد نبوی میں حاضری کے دوران کچھ افراد نے سیاسی نعرے بازی کی تھی۔