سعودی عرب میں ذرائع ابلاغ میں ایک چھوٹے طالب علم کے سکول میں بند ہوجانے کی ویڈیو نے ہلا کر رکھ دیا۔ الاحساء میں واقع اس سکول میں سرکاری اوقات کے ختم ہونے کے بعد سکول کو بند کردیا گیا تاہم ایک بچہ کلاس روم میں رہ گیا۔ واقعہ کے سامنے آنے پر سکول کے پرنسپل سمیت دوعہدیداروں کو برطرف کردیا گیا۔
فوری طور پر الاحساء میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل حمد العیسیٰ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ المامون مڈل سکول کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی ذمہ داری ختم کرنے کے دو فیصلے جاری کردئیے ۔
اس سے قبل سکول کی دوسری منزل کے ایک کلاس روم کی کھڑکی سے طالب علم کی پکار کا ایک ویڈیو کلپ سامنے آیا تھا ۔ معلوم ہوا کہ سکول کے اوقات ختم ہونے کے بعد طالب علم سکول کے اندر ہی قید ہوکر رہ گیا تھا۔
الاحساء میں محکمہ تعلیم نے اعلان کیا کہ اس نے انتظامیہ سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ الھفوف شہر کے ایک سکول میں ایک طالب علم سکول کی کھڑکی سے باہر جھانک رہا ہے۔