حرمین شریفین میں موجود عازمین حج نے جدید ایپلی کیشنز اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مکہ مکرمہ سے ایمان اور روحانیت کے مناظر کی فوٹیج اور مناظر بڑے پیمانے پر نشر کیے ہیں۔ پوری دنیا میں ان مناظر کو دیکھا جارہا اور رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج اپنے موبائل فونز کے ذریعہ بہت سی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع کر رہے ہیں۔ اپنی آڈیو اور ویڈیوز کے ذریعے عازمین حج اپنے پیاروں کو اپنے روحانی سفر میں شریک بنا رہے ہیں۔ پوری دنیا کے مسلمانوں کو مقدس ترین مقامات کے مناظر دیکھ کر ایمان و یقین پختہ کرنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔
جدید ایپلی کیشنز کے ذریعہ اللہ کے گھر کے مناظر کو پوری دنیا تک پہنچایا جارہا ہے اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو اپنے قلب و جان سے قریب مقام کی آن لائن زیارت کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن نے بتایا ہے کہ سروس فراہم کرنے والوں کے آلات میں مکہ مکرمہ، مدینۃ منورہ اور مقدس مقامات کے شہروں میں 6 ہزار سے زیادہ کمیونیکیشن ٹاورز لگائے گئے ہیں۔ ان ٹاورز کی تعداد میں 74 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح فائٍیو جی ٹاور کی تعداد میں 105 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فائیو جی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے ٹاورز کی تعداد 29 سو سے زیادہ ہوگئی ہے۔ مکہ مکرم، مدینہ منورہ اور دیگر مقدس مقامات پر 10 ہزار 500 سے زیادہ وائی فائی رسائی کے پوائنٹس لگائے گئے ہیں۔ ان پوائنٹس کی تعداد میں 118 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔