سعودی عرب میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس نے کوریا نیشنل یونیورسٹی آف آرٹس کے اشتراک سے "سعودی - کورین آرٹس کے ملاپ" شو کا آغاز کیا، جو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا شو ہے۔
یہ ایونٹ تین دن تک جاری رہے گا جسے شہزادی نورہ یونیورسٹی تھیٹر کے ریڈ ہال میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میں شرکاء کو سعودی اور کورین فنون کے تنوع کو تلاش کرنے کا موقع میسر ہوگا جس میں مختلف قسم کے مشترکہ تھیٹر اور پرفارمنس شو پیش کئے جائیں گے۔
پرفارمنس میں پانچ سعودی پرفارمنگ آرٹس اور پانچ کورین پرفارمنگ آرٹس شامل ہیں جو ثقافتی اور فنی علم کی گہرائی فروغ دینے کی علامت ہیں۔ تھیٹر شو کا سعودی پہلو مختلف فنون کی نمائش کے ذریعے مملکت کے ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتا ہے جن میں: السامری، الدحہ، اللیوہ، الخطوہ، اور الخبیطی جیسے فنون کی نمائش شامل ہے۔
اس میں ایک ساتھ آرٹ کی الگ نمائش بھی شامل ہے، جس میں مختلف شعبوں جیسے دھاتوں، مٹی کے برتنوں، لکڑی کے کام اور ہاتھ سے کشیدہ کاری کے روایتی فنون شامل ہیں۔
زائرین سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے 50 فنکاروں کی ایک ساتھ پرفارمنس بھی دیکھ سکیں گے۔ فن کے جوہر دکھانے والوں میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس اور کوریا نیشنل یونیورسٹی آف آرٹس کے اسکول آف پرفارمنگ آرٹس کے فنکار شامل ہیں۔