بہتر اثرات کے لیے وٹامن بی 12 کی گولی کن اوقات میں لینی چاہیے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 7 منٹ

اگرچہ ہر فرد کے لیے وقت کا تعین فیصلہ کن نہیں ہوتا، تاہم بہت سے ماہرین وٹامن B12 صبح کے وقت لینے کا مشورہ دیتے ہیں، کیونکہ یہ توانائی بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ ویب سائٹ "ویری ویل ہیلتھ" (Very Well Health) کے مطابق وٹامن B12 کو کس وقت اور کس طریقے سے لیا جائے، اس کی سمجھ اس کے جذب کو بہتر بنانے اور فوائد کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔
اگر کوئی شخص وٹامن B12 توانائی بڑھانے کے مقصد سے لے رہا ہو تو بہتر ہے کہ اسے صبح یا دوپہر میں خالی پیٹ لیا جائے۔ وٹامن B12 جسم کو خوراک کو توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد دیتا ہے، اسی لیے بہت سے افراد اسے استعمال کرنا شروع کرنے کے بعد اپنی توانائی کی سطح میں بہتری محسوس کرتے ہیں۔

حساسیت اور نیند کی کمی

تحقیقات سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ وٹامن B12 ماحولیاتی عوامل جیسے روشنی کے لیے حساسیت بڑھا سکتا ہے اور ہوشیاری میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ اثرات دن کے وقت تو فائدہ مند ہو سکتے ہیں، لیکن اگر وٹامن B12 دیر سے لیا جائے تو یہ نیند آنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتے ہیں۔

تحقیقات یہ بھی بتاتی ہیں کہ وٹامن B12 کی سطح میں اضافہ میلاٹونن کی پیداوار کو کم کر سکتا ہے، جو نیند کو منظم کرنے والا ہارمون ہے۔ اسی لیے صبح کے وقت وٹامن B12 لینا اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ دن بھر اس کے توانائی بڑھانے والے فوائد حاصل ہوں، رات کے وقت نیند کے معمول میں خلل پڑ سکتا ہے۔چونکہ وٹامن B12 بنیادی طور پر حیوانی غذاؤں جیسے گوشت، دودھ سے بنی اشیاء اور انڈوں میں پایا جاتا ہے، اس لیے وہ افراد جو نباتاتی غذا اختیار کرتے ہیں (یعنی اپنی خوراک سے گوشت اور بعض حیوانی مصنوعات کو خارج کر دیتے ہیں) اور خالص سبزی خور (جو مکمل طور پر حیوانی مصنوعات سے پرہیز کرتے ہیں) وٹامن B12 کی کمی کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔

اسی وجہ سے بہت سے لوگ اس اہم غذائی جز کی مناسب مقدار حاصل کرنے کے لیے غذائی سپلیمنٹس یا فورٹیفائیڈ غذائیں استعمال کرتے ہیں۔ جو افراد نباتاتی غذا پر عمل کرتے ہیں، ان کے لیے وٹامن B12 کے سپلیمنٹ لینے کا وقت اتنا اہم نہیں جتنا کہ اسے روزانہ باقاعدگی سے لینا۔ اصل بات یہ ہے کہ روزمرہ کے معمول کے مطابق ایسا وقت منتخب کیا جائے تاکہ اسے لینا بھولا نہ جائے۔

وٹامن B12 کی کمی کے علاج کے لیے

وٹامن B12 کی کمی کے علاج کے لیے ڈاکٹر عموماً اس کی زیادہ مقدار تجویز کرتے ہیں۔ بعض صورتوں میں جذب بڑھانے کے لیے وٹامن B12 کے سپلیمنٹس دن میں ایک سے زیادہ بار لینے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، مثلاً صبح اور دوپہر۔وٹامن B12 کی کمی کے علاج کے دوران اس کا باقاعدگی سے استعمال نہایت اہم ہوتا ہے۔ ایسے حالات میں معالج ڈاکٹر زبانی وٹامن B12 سپلیمنٹس کے لیے ایک مخصوص خوراک کا شیڈول تجویز کرتا ہے۔ اور اگر زیادہ مقدار درکار ہو تو ممکن ہے کہ ڈاکٹر وٹامن B12 کے انجیکشن کا مشورہ دے۔

وٹامن B12 کے انجیکشن

وٹامن B12 کے انجیکشن براہِ راست خون میں پہنچ کر تیز جذب کو یقینی بناتے ہیں، کیونکہ یہ نظامِ ہاضمہ کو نظرانداز کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عموماً وٹامن B12 کے انجیکشن اُن مریضوں کو تجویز کرتے ہیں جو ایسی طبی حالتوں میں مبتلا ہوں، جیسے شدید خون کی کمی (پرنیشس انیمیا)، جو وٹامن B12 کے جذب میں رکاوٹ بنتی ہے، یا نظامِ ہاضمہ کی بعض بیماریاں جو غذائی اجزاء کے جذب کو متاثر کرتی ہیں۔وٹامن B12 کے انجیکشن کی تعداد اور وقفہ مختلف ہو سکتا ہے، تاہم زیادہ تر مریضوں کو یہ ماہانہ بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔

وٹامن B12 کے بہتر جذب کے لیے مشورے

وٹامن B12 کے سپلیمنٹس لینے کا وقت اس بات پر اثر انداز ہوتا ہے کہ جسم اس غذائی جز کو کس حد تک جذب اور استعمال کرتا ہے۔ بہترین جذب کو یقینی بنانے کے لیے درج ذیل نکات کو مدِنظر رکھنا چاہیے:

خالی پیٹ لینا: خالی پیٹ وٹامن B12 لینے سے اس کا جذب بہتر ہوتا ہے اور اس کے فوائد زیادہ حاصل ہوتے ہیں۔

بعض غذاؤں کے ساتھ لینے سے پرہیز: کچھ غذائیں اور مشروبات وٹامن B12 کی افادیت کو کم کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر وٹامن C کی زیادہ مقدار (جو ترش پھلوں جیسے مالٹا، کینو اور لیموں میں پائی جاتی ہے) اگر وٹامن B12 کے ساتھ لی جائے تو اس کے جذب کو متاثر کر سکتی ہے۔

بعض ادویات سے پرہیز: میٹفارمن اور پروٹون پمپ اِنہیبٹرز وٹامن B12 کے جذب پر اثر ڈال سکتے ہیں۔ بہتر ہے کہ وٹامن B12 اور ان ادویات کے درمیان کم از کم چار گھنٹے کا وقفہ رکھا جائے تاکہ جذب اور افادیت زیادہ سے زیادہ ہو۔

آخرکار وٹامن B12 لینے کا وقت فرد کے مقاصد اور روزمرہ کے معمول پر منحصر ہوتا ہے، تاہم باقاعدگی سے استعمال سب سے زیادہ اہم ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔

وٹامن B12 کے فوائد اور روزانہ کی ضرورت

وٹامن B12 جسم میں کئی اہم حیاتیاتی افعال کے لیے ضروری ہے، جن میں شامل ہیں:

توانائی کی پیداوار: وٹامن B12 خوراک کو توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے توانائی کی سطح بہتر ہو سکتی ہے اور تھکن میں کمی آ سکتی ہے۔

اعصابی افعال کی معاونت: وٹامن B12 اعصابی خلیات کی صحت اور دماغی افعال کے لیے نہایت ضروری ہے۔

سرخ خون کے خلیات کی تشکیل میں مدد: وٹامن B12 صحت مند سرخ خون کے خلیات کی پیداوار میں کردار ادا کرتا ہے، جو خون کی کمی (انیمیا) سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔

مزاج اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری: وٹامن B12 کے سپلیمنٹس مزاج اور ذہنی افعال، جیسے یادداشت، کو بہتر بنا سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر ڈپریشن جیسی موڈ کی خرابیوں کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔

روزانہ تجویز کردہ مقدار:زیادہ تر بالغ افراد کے لیے وٹامن B12 کی تجویز کردہ غذائی مقدار 2اعشاریہ4 مائیکروگرام روزانہ ہے، تاہم حمل اور دودھ پلانے کے دوران اس کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔

اکثر لوگ متوازن غذا کے ذریعے وٹامن B12 کی روزانہ ضرورت پوری کر سکتے ہیں، لیکن کچھ افرادجیسے سبزی خور، معمر افراد اور بعض طبی مسائل میں مبتلا لوگوں کو وٹامن B12 کی کمی سے بچاؤ یا اس کے علاج کے لیے غذائی سپلیمنٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں