کم دوست ہونا زیادہ ذہانت کی علامت؟ سائنس کی دلچسپ وضاحت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

کچھ دلچسپ تحقیقات اس بات کی وضاحت کرتی ہیں کہ کیوں بعض لوگ عام سماجی میل جول میں مشکل محسوس کرتے ہیں، جبکہ وہ گہرے اور منتخب تعلقات میں زیادہ بہتر انداز میں پروان چڑھتے ہیں۔اس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ ان کا دماغ دوسروں کے مقابلے میں مختلف انداز سے کام کرتا ہے۔

Global English Editing کی ایک رپورٹ کے مطابق ذہین افراد سماجی معاملات کو عام لوگوں سے مختلف انداز میں سمجھتے اور برتتے ہیں۔ ان کے دماغ مسلسل پیٹرن تلاش کرتے ہیں، باتوں کے پوشیدہ معانی کا تجزیہ کرتے ہیں اور ذہنی طور پر زیادہ بامعنی اور فکری تحریک کی خواہش رکھتے ہیں۔

مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ ذہین افراد عموماً کم مگر گہرے تعلقات کے ذریعے اپنی زندگی سے زیادہ اطمینان حاصل کرتے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ بہت وسیع سماجی حلقہ بنائیں۔

ماہرین کے مطابق یہ لازماً تنہائی پسند رویہ نہیں بلکہ ایک مؤثر سماجی طرزِ عمل ہے۔سماجی میل جول سے ذہنی تھکن کچھ لوگ محسوس کرتے ہیں کہ سماجی تقریبات کے بعد وہ تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔

نفسیات کے مطابق یہ دراصل ذہنی تھکن ہوتی ہے، جیسے کوئی شخص کئی گھنٹوں تک مشکل ریاضی کے مسائل حل کرتا رہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ مسلسل اپنے پیچیدہ خیالات کو سادہ الفاظ میں بیان کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔کئی بار ایسا شخص اپنی گہری یا باریک بینی والی باتوں کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ لوگ اسے ''زیادہ سوچنے والا'' یا ''مبالغہ کرنے والا'' نہ سمجھیں۔

اس لیے وہ بعض گفتگو میں صرف مسکرا کر یا سر ہلا کر ساتھ دیتا ہے، حالانکہ اس کا ذہن زیادہ بامعنی اور سنجیدہ گفتگو کی خواہش رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ذہنی بوجھ حقیقت ہے۔ محققین اسے ''کورنگ ''(Covering)یا ''زبان کی تبدیلی'' کہتے ہیں، جو ذہنی طور پر تھکا دینے والا عمل ہے۔ لیکن جب ایسے افراد کو وہ نایاب لوگ مل جاتے ہیں ،جو انہیں پوری طرح سمجھتے ہوں،جو مصنوعی ذہانت کے انسانی شعور پر اثرات یا جینیاتی انجینئرنگ کی اخلاقیات پر گھنٹوں گفتگو کر سکیں،تو انہیں یوں محسوس ہوتا ہے، جیسے وہ سکون کی سانس لے رہے ہوں۔

فکری ہم آہنگی

اصل چیلنج ایسے لوگوں کو تلاش کرنا ہوتا ہے، جو انسان کے اندازِ گفتگو اور سوچ سے ہم آہنگ ہوں۔ ایسے لوگ موجود تو ہوتے ہیں، مگر عموماً عام دوستوں کی محفلوں یا محلے کی تقریبات میں کم ہی ملتے ہیں۔ یہ وہ افراد ہوتے ہیں، جن کے ساتھ بامعنی گفتگو انسان کو توانائی دیتی ہے، اس کی سوچ کو چیلنج کرتی ہے اور اس کے ذہنی دائرے کو وسیع کرتی ہے۔

تنہائی کا تضاد

دلچسپ بات یہ ہے کہ ذہین افراد اکثر ہجوم میں بھی زیادہ تنہائی محسوس کرتے ہیں۔ جب وہ بہت سے لوگوں کے درمیان ہوتے ہیں، تو انہیں حقیقی رابطے کی کمی محسوس ہوتی ہے، کیونکہ ان کے نزدیک ملنایا رابطے کا تصور دوسروں سے مختلف ہوتا ہے۔

حقیقی رابطہ تب قائم ہوتا ہے، جب کوئی شخص انسان کے اصل خیالات کے ساتھ جڑتا ہے، نہ کہ اس سادہ یا مختصر انداز کے ساتھ جو وہ معاشرتی طور پر قابلِ قبول بنانے کے لیے پیش کرتا ہے۔

اسی لیے کبھی کبھی ایک ایسا شخص جو آپ کی سوچ کو واقعی سمجھتا ہو، اس کے ساتھ ایک گہری گفتگو سو سطحی ملاقاتوں سے کہیں زیادہ قیمتی اور معنی خیز ہوتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size