جلد کی چمک کے لیے کیا بہتر ہے؟ نیاسینامائڈ یا وٹامن سی
ایک وقت تھا، جب اسکن کیئر کی دنیا میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ نیاسینامائیڈ اور وٹامن سی کو ایک ساتھ استعمال کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے، کیونکہ ان دونوں کو ملا کر لگانے سے جلد میں جلن پیدا ہونے یا دونوں اجزاء کی تاثیر کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا تھا۔لیکن جدید تحقیق اور نئی اسکن کیئر فارمولیشنز نے اس تصور کو بدل دیا ہے۔
آج یہ دونوں اجزاء ایک ساتھ استعمال ہونے والے مقبول ترین امتزاجوں میں شمار ہوتے ہیں، خاص طور پر جلد میں قدرتی چمک پیدا کرنے، رنگت کو یکساں بنانے اور بڑھتی عمر کی علامات کو کم کرنے کے لیے۔
تو حقیقت کیا ہے؟کیا نیاسینامائیڈ اور وٹامن سی واقعی ایک ساتھ بہتر نتائج دیتے ہیں؟
وٹامن سی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت
وٹامن سی اسکن کیئر کی دنیا میں سب سے مشہور اینٹی آکسیڈنٹس میں شمار ہوتا ہے۔ یہ جلد کو آلودگی، دھوپ اور روزمرہ ماحولیاتی اثرات سے پیدا ہونے والے فری ریڈیکلز کے نقصان سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے علاوہ، وٹامن سی کولیجن کی پیداوار بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، جس سے جلد کی لچک بہتر ہوتی ہے اور باریک لکیریں کم نمایاں دکھائی دیتی ہیں۔
اس وٹامن کے فوائد صرف بڑھتی عمر کی علامات کم کرنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ جلد کی قدرتی چمک بڑھانے اور دھوپ یا مہاسوں کے باعث بننے والے سیاہ دھبوں کو ہلکا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اسی وجہ سے وٹامن سی کو اُن سیرمز اور کریمز میں خاص اہمیت دی جاتی ہے، جو بے رونق یا غیر ہموار رنگت والی جلد کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔
نیاسینامائیڈ: ایک ہمہ جہت جز
دوسری جانب نیاسینامائیڈ جو وٹامن B3 کی ایک شکل ہے، اپنی نرم مگر مؤثر خصوصیات کی وجہ سے اسکن کیئر میں بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔
یہ جلد کو سکون پہنچانے اس کے حفاظتی حصار کو مضبوط بنانے اور نمی کے ضیاع کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے، اسی لیے یہ حساس جلد کے لیے بھی موزوں مانا جاتا ہے۔
نیاسینامائیڈ کی ایک خاص خوبی یہ بھی ہے کہ یہ جلد میں تیل کی زیادتی کو متوازن رکھنے اور کھلے مساموں کی نمایاں شکل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ جلد کی رنگت بہتر بنانے اور سرخی کم کرنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔اسی وجہ سے یہ جز خاص طور پر آئلی اور کمبینیشن اسکن کے لیے بنائی جانے والی مصنوعات میں شامل کیا جاتا ہے، جبکہ سوزش یا بار بار جلن کا شکار جلد کے لیے بھی اسے مفید سمجھا جاتا ہے۔
دونوں کو ایک ساتھ استعمال نہ کرنے کا تصور کہاں سے آیا؟
یہ خدشہ دراصل پرانی سائنسی تحقیقات سے پیدا ہوا تھا، جن میں نیاسینامائیڈ اور وٹامن سی کو ایسے سخت لیبارٹری حالات میں آزمایا گیا تھا، جو عام استعمال کے طریقے سے بالکل مختلف تھے۔
ان تجربات میں زیادہ درجہ حرارت اور طویل وقت تک رکھے جانے جیسے عوامل شامل تھے۔ان غیر معمولی حالات کی وجہ سے یہ خیال سامنے آیا کہ شاید دونوں اجزاء آپس میں مل کر کوئی ایسا مرکب بنا سکتے ہیں، جو جلد میں جلن کا سبب بنے۔
ماہرینِ جلد کے مطابق یہ تصور موجودہ دور میں قابلِ اعتماد نہیں رہا۔ جدید اسکن کیئر فارمولیشنز زیادہ مستحکم اور بہتر طریقے سے تیار کی جاتی ہیں، اس لیے ان دونوں اجزاء کا ایک ساتھ استعمال عام طور پر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔بلکہ بعض حالیہ تحقیق یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ نیاسینامائیڈ اور وٹامن سی کو ساتھ استعمال کرنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں، کیونکہ دونوں مختلف طریقوں سے کام کرتے ہیں اور مل کر جلد کی صحت اور چمک کو بہتر بناتے ہیں۔
اس امتزاج کی طاقت کیا ہے؟
اس امتزاج کی اصل طاقت یہ ہے کہ دونوں اجزاء جلد کے مختلف مسائل کو ہدف بناتے ہیں۔ وٹامن سی جہاں آکسیڈیٹو اسٹریس کے خلاف کام کرتا ہے اور کولیجن کی پیداوار کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے، وہیں نیاسینامائیڈ جلد کو سکون پہنچانے اور اس کے حفاظتی حصار کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
یہ باہمی تکمیل جلد کو زیادہ متوازن اور روشن بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر اُن افراد کے لیے جو رنگت کی بے ترتیبی، تھکن کے اثرات یا بے رونقی کا سامنا کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ نیاسینامائیڈ بعض صورتوں میں وٹامن سی کے کچھ اقسام سے ہونے والی معمولی جلن کو کم کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے، جس سے حساس جلد کے لیے اس کا استعمال نسبتاً زیادہ آرام دہ ہو جاتا ہے۔
کیا ان دونوں کو ساتھ استعمال کرنا ضروری ہے؟
اس حوالے سے کوئی ایک حتمی اصول موجود نہیں، کیونکہ بہترین طریقہ ہر فرد کی جلد کی نوعیت اور استعمال ہونے والی مصنوعات کے فارمولے پر منحصر ہوتا ہے۔
کچھ لوگ صبح کے روٹین میں پہلے وٹامن سی سیرم لگاتے ہیں اور چند منٹ بعد نیاسینامائیڈ استعمال کرتے ہیں۔
دوسری طرف کچھ افراد ان دونوں کو الگ رکھتے ہیں، وہ دن میں وٹامن سی استعمال کرتے ہیں تاکہ اس کی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے فائدہ اٹھا سکیں، جبکہ نیاسینامائیڈ کو رات کے وقت استعمال کرتے ہیں تاکہ جلد کی مرمت اور سکون کے عمل کو سہارا دیا جا سکے۔
حساس جلد رکھنے والے افراد کے لیے بہتر حکمت عملی یہ ہے کہ دونوں اجزاء کو آہستہ آہستہ روٹین میں شامل کیا جائے اور ساتھ میں طاقتور ایکسفولیئنٹس یا تیزاب والی مصنوعات کے بیک وقت استعمال سے گریز کیا جائے۔
دونوں میں سے انتخاب کیسے کیا جائے؟
اس کا انحصار بنیادی طور پر جلد کی ضروریات پر ہوتا ہے۔ اگر جلد تیل والی ہو، حساس ہو یا مہاسوں اور سرخی کا رجحان رکھتی ہو تو نیاسینامائیڈ زیادہ موزوں انتخاب ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ سوزش کو کم کرنے اور تیل کی مقدار کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے برعکس اگر مقصد جلد کی چمک بڑھانا، سیاہ دھبوں کو کم کرنا یا بڑھتی عمر کی علامات کو کم کرنا ہو تو وٹامن سی زیادہ واضح اور مؤثر نتائج دے سکتا ہے، خاص طور پر جب اسے روزانہ سن اسکرین کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
یوں وٹامن سی کی چمک اور نیاسینامائیڈ کے توازن کے درمیان اصل فائدہ اسی وقت حاصل ہوتا ہے، جب انہیں جلد کی ضروریات کے مطابق سوچ سمجھ کر روٹین میں شامل کیا جائے۔