زمین سے بعید ترین نقطے پر نیلا اور چھوٹا چاند دیکھنے کےلیے تیار ہو جائیں
مکمل چاند زمین سے بعید ترین نقطے پر ہو گا اور سال کا سب سے چھوٹا چاند نظر آئے گا
اگلے ہفتے کے آغاز میں مائیکرو مون یعنی چھوٹا نیلا چاند کا نایاب فلکیاتی مظاہرہ متوقع ہے، جس میں مکمل چاند زمین سے اپنے بعید ترین نقطے پر ہوگا اور سال کے دوران سب سے چھوٹا دکھائی دے گا۔
ہر دو سے تین سال بعد نیلا چاند اس وقت رونما ہوتا ہے جب ایک ہی مہینے کے دوران دوسرا مکمل چاند نظر آئے۔ موجودہ مہینے کا پہلا مکمل چاند یکم مئی کو دیکھا گیا تھا۔
چونکہ چاند کا مدار مکمل طور پر گول نہیں ہے، اس لیے اگلا مکمل چاند زمین سے معمول سے زیادہ دور یعنی 406,135 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا، جس کی وجہ سے یہ تھوڑا چھوٹا اور کم چمکدار دکھائی دے گا۔ یہ سپر مون یعنی بڑے چاند کے بالکل برعکس ہے جس میں مکمل چاند ہمارے معمول سے زیادہ قریب ہوتا ہے۔
ورچوئل ٹیلی سکوپ پروجیکٹ کے جیانلوکا ماسی، جو اٹلی سے اس کا براہ راست نشریاتی مظاہرہ پیش کریں گے، نے بتایا کہ اتوار کے روز آنے والا یہ چھوٹا چاند اوسط مکمل چاند کے مقابلے میں 6 فیصد چھوٹا اور 10 فیصد کم چمکدار ہوگا۔