معجم شوارع الرياض: سعودی شہر ریاض کی سڑکوں کے ناموں کو محفوظ کرنے کا ثقافتی پلیٹ فارم
یہ پلیٹ فارم علمی اور تاریخی پہلو کو یکجا کرتا اور جگہ کی یادداشت کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتا ہے
سعودی دارالحکومت ریاض کی گلیوں کے نام تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جو ایک ایسے شہر کی ثقافتی اور سماجی یادداشت کا ایک حصہ سمیٹے ہوئے ہیں۔ یہ شہر اب وسیع و عریض ہو چکا ہے اور اس کا رقبہ مملکت کے کل رقبے کے تقریباً 17 فیصد کے برابر ہے۔ جیسے ہی آپ دارالحکومت کی سڑکوں پر گھومتے ہیں، اس کے راستوں کے سائن بورڈز پر درج ناموں کے مطالب آپ کو اپنی طرف متوجہ کرنا شروع کردیتے ہیں۔ یہ نام کسی تاریخی شخصیت کے نام پر ہوں یا کسی تمدنی یادگار کے نام پر ہوں توجہ مبذول کراتے ہیں۔
اسی لیے "معجم شوارع الرياض" (ریاض سٹریٹ ڈکشنری) پلیٹ فارم بنانے کا خیال سامنے آیا جو ایک ثقافتی دستاویزی منصوبہ ہے جو شہر کی گلیوں کے ناموں، ان کے تاریخی اور عمرانی پس منظر پر نظر رکھتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم آنے والی نسلوں کے لیے جگہ کی یادداشت کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
"معجم شوارع الرياض".. منصة ثقافية لتوثيق أسماء طرقات العاصمة https://t.co/aqpRNPyaiW
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) June 8, 2026
اس وقت "معجم شوارع الرياض" پلیٹ فارم میں دارالحکومت کی 258 سے زیادہ سٹریٹس کے نام شامل ہیں جو 5 علاقوں میں پھیلے ہوئے 190 محلوں میں موجود ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ویب سائٹ کے ذریعے صارف کو شہر کے کسی ایک رخ کا انتخاب کر کے اور محلے کو سلیکٹ کر کے گلیوں کی تفصیلات جاننے اور ان کے ناموں کی کہانیاں پڑھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
علمی حوالہ
اس پلیٹ فارم کا مقصد ایک ایسا علمی حوالہ قائم کرنا ہے جو گلیوں کے ناموں، ان کے معانی اور ان کے تاریخی و ثقافتی سیاق و سباق کو دستاویزی شکل دے۔ اس منصوبے کی موجودہ شکل میں اس کی بنیاد کے ابتدائی خدوخال دارالحکومت میں رہنے والے دو سعودی نوجوانوں کے درمیان بات چیت کے بعد شروع ہوئے جن کے دارالحکومت کی مشہور ترین سڑکوں کے بارے میں سوالات انہیں ایک ایسے آرکائیو پروجیکٹ کی بنیاد رکھنے کی طرف لے گئے جو گلیوں کی کہانیوں اور نام رکھنے کی وجوہات کو دستاویزی شکل دیتا ہے۔
دریافت کا موقع
اس لغت کے بانیوں میں سے ایک ریان المشرافی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد ایک قابل اعتماد ڈیجیٹل حوالہ بنانا ہے جو شہر کے باشندوں کو ان محلوں کی تاریخ سے روشناس کرائے جن میں وہ رہتے ہیں۔ اسی طرح یہ پلیٹ فارم آنے والے سیاحوں کو گلیوں کے ناموں کے ذریعے ریاض کی شناخت اور تاریخ کا ایک مختلف پہلو دریافت کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
ریاض کی یادداشت
یہ پلیٹ فارم گلیوں کے ناموں کے معانی اور ان کے نام رکھنے کی وجوہات کو دستاویزی شکل دیتا ہے۔ ساتھ ہی انہیں ان کے ثقافتی اور تاریخی سیاق و سباق سے بھی جوڑتا ہے۔ یہ اس یقین پر مبنی ہے کہ سڑکیں محض آمد و رفت اور نقل و حرکت کے راستے نہیں بلکہ شہر کی یادداشت کے کھلے صفحات ہیں جو تحفظ اور غور و فکر کے مستحق ہیں۔ اس پروجیکٹ کے منتظمین اس پلیٹ فارم کو ایک ڈیجیٹل لغت قرار دیتے ہیں جو جگہ کی یادداشت کو محفوظ کرتی ہے اور علمی و تاریخی پہلوؤں کو ایسے مواد میں یکجا کرتی ہے جس تک رسائی اور فائدہ اٹھانا آسان ہے۔
تحقیق کے چیلنجز
المشرافی نے کہا کہ معلومات جمع کرنا اس منصوبے کو درپیش اہم ترین چیلنجوں میں سے تھا کیونکہ شہر کے اندر گلیوں کے نام بہت متنوع اور ان کا دائرہ کار بہت وسیع ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ورکنگ ٹیم نے معلومات کے سرکاری ذریعہ کے طور پر ریاض ریجن سیکرٹریٹ کے جیو سپیشل پورٹل (البوابة المكانية) پر انحصار کیا۔
گلی کی تجویز دیں
انہوں نے مزید کہا کہ پلیٹ فارم نے دستاویزی عمل میں کمیونٹی کو شامل کرنے کے لیے ’’ گلی کی تجویز دیں" کی خصوصیت فراہم کی۔ اس سہولت سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور محلوں کے رہائشیوں کو معلومات شامل کرنے یا ان کی تصحیح کرنے میں تعاون کرنے کا موقع ملتا ہے۔ یہ سہولت مواد کی جامعیت اور درستی کو بڑھاتی ہے۔
اسی تناظر میں ریان المشرافی نے انکشاف کیا کہ پلیٹ فارم نے گلیوں کے ناموں سے جڑی کہانیوں کو دستاویزی شکل دی ہے جن میں عکاظ محلے میں سعید الماجد کے نام سے منسوب ایک گلی بھی شامل ہے جو شاہ عبدالعزیز کے اہم ترین ساتھیوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ شہدا محلہ (حی الشهداء) اس منصوبے کے نمایاں نمونوں میں سے ایک ہے کیونکہ اس میں متعدد ایسی گلیاں شامل ہیں جو وطن کے شہدا کے ناموں پر ہیں۔ یہ پلیٹ فارم سرکاری ذرائع کی بنیاد پر ان کے نام، سوانح حیات اور ان کی شہادت کی تاریخوں کو محفوظ کرتا ہے تاکہ ان کے کردار کو زندہ رکھا جا سکے اور نئی نسلوں کو ان کی قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔
اوپن کمیونٹی پلیٹ فارم
ریان المشرافی نے کہا کہ ریاض کی گلیوں کی لغت کے حوالے سے اب تک جو کچھ لانچ کیا گیا ہے وہ اس پروجیکٹ کا ایک آزمائشی مرحلہ ہے۔ اس پلیٹ فارم کی جانچ اور اسے مستقل طور پر تیار کرنے پر کام جاری ہے اور ساتھ ہی گلیوں اور ان سے متعلقہ ڈیٹا کو شامل بھی جاری ہے۔ ورکنگ ٹیم کی طرف سے ہو یا کمیونٹی کے ارکان کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کے ذریعے، ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔
نوجوان بانی ریان المشرافی نے وضاحت کی کہ یہ پروجیکٹ ایک کھلے کمیونٹی پلیٹ فارم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو اضافے اور تصحیح کو قبول کرتا ہے۔ یہ ہر اس شخص کے لیے ایک قابل اعتماد حوالہ بننے کی کوشش کرتا ہے جو گلیوں کے ناموں کی تاریخ اور ان کے معانی تلاش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں شہر کی شناخت کے اہم اجزاء میں سے ایک ہیں اور ان کی کہانیوں اور نام رکھنے کی وجوہات کو دستاویزی شکل دینا نئی نسلوں کے ریاض کی تاریخ کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم گلیوں کے ناموں کو نقشوں پر محض پتے ہونے کے بجائے زندہ کہانیوں میں بدل دیتا ہے جو دہائیوں کے دوران دارالحکومت کی تاریخ اور اس کے ارتقا کے ابواب سناتی ہیں۔