سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے 24/7 ٹول فری ہیلپ لائن کا آغاز کیا ہے۔ تاکہ عازمین حج کے سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ ساتھ مختلف امور پر فتاویٰ دیے جا سکیں۔
عازمین حج کی سہولت کے لیے ٹول فری کی ہیلپ لائن کا نمبر 2451000 800 ہے۔ ہیلپ لائن 10 مختلف زبانوں میں رہنمائی کا کام کرے گی۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، فرانسیسی، ترک، اردو، انڈونیشی، بنگالی، ہاؤسا، امہاری اور ہندی شامل ہیں۔
خیال رہے سعودی وزارت اسلامی امور عازمین حج کو مناسک حج میں سہولت و آسانی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اسی کوشش کے تحت ہیلپ لائن کا آغاز کیا گیا ہے۔ تاکہ عازمین حج کی مستند معلومات تک رسائی ممکن ہو سکے۔
وزارت نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ اس سروس سے استفادہ کریں۔
سعودی وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ رواں سال 300 علماء حج کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ کی مسجد عائشہ میں عازمین حج کو آگاہی و رہنمائی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے لیے سکرینوں کی مدد سے متعدد زبانوں میں رہنمائی کے پروگرامات کی نشریات جاری ہیں۔
خیال رہے وزارت اسلامی امور نے متعدد زبانوں میں قرآن مجید کے ترجمہ کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا ہے۔