مسجد الحرام میں ہجوم کی تنظیم، سعودی ویمن اسکاؤٹس کی مثالی شراکت
خواتین نمازیوں کی راہنمائی، بزرگوں اور خصوصی افراد کی مدد، 355 رضاکار لڑکیاں خدمتِ حجاج میں پیش پیش
حج کے موجودہ سیزن 1446ھ کے دوران مسجد الحرام میں زائرین کی رہنمائی اور ہجوم کی تنظیم کے لیے سعودی عرب کی اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے تحت 355 لڑکیاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ خدمات جنرل سروس کیمپوں کا حصہ ہیں، جنہیں خصوصی طور پر ضیوفِ رحمن کی خدمت کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
یہ نوجوان رضاکار لڑکیاں حرم مکی کی سکیورٹی فورس کے ساتھ مل کر طواف اور نماز کے لیے آنے والوں کی حرکات کو منظم کر رہی ہیں، خصوصاً خواتین کے لیے مختص مصلیٰ جات میں۔ وہ خواتین کو نماز کے مقامات کی طرف رہنمائی فراہم کر رہی ہیں، آمد و رفت کو سہل بنا رہی ہیں، راستہ بھٹکنے والوں کی مدد کر رہی ہیں، اور بزرگوں و خصوصی ضروریات والے افراد کو سہارا دے رہی ہیں۔
گرل اسکاؤٹس کیمپ کی قائد غادہ بنت عبداللہ المطیلق کے مطابق یہ شراکت ان لڑکیوں کے جذبۂ خدمت اور رضاکارانہ کام کے لیے لگن کا عملی اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں سے ایسوسی ایشن کے حاصل تجربات اور تربیتی معیار نے ان لڑکیوں کو عملی مہارتوں سے آراستہ کیا ہے، جو ہر سال جدید تقاضوں، وقت اور مقام کے لحاظ سے مزید نکھاری جاتی ہیں۔