700 اہل غزہ بھی حج کرینگے، فلسطینی عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا
رواں برس 6600 فلسطینی حج کی سعادت حاصل کریں گے، مصر میں موجود پٹی کے 700 عازمین بھی شامل
اس سال مناسکِ حج ادا کرنے کی تیاریوں کے لیے فلسطینی عازمین کا پہلا گروہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا ہے جس میں لگ بھگ 1200 عازمین حج شامل ہیں۔ "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کی معلومات کے مطابق اس سال تقریباً 6600 فلسطینی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں مصر میں موجود غزہ کی پٹی کے تقریباً 700 عازمین بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور کے انڈر سیکرٹری اور حج و عمرہ کمیٹی کے سربراہ عصام عبدالحلیم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی حکومت کی جانب سے وزارتِ حج و عمرہ اور حج کے نظام میں شامل تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے فلسطینی عازمین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے کی جانے والی عظیم کوششوں کی تعریف کی ہے۔
عصام عبدالحلیم نے مکہ مکرمہ اور مشاعرِ مقدسہ میں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ مملکت نے جن صلاحیتوں اور انتظامات کو فراہم کیا ہے وہ اس بات کی عکاس ہیں کہ مملکت کی قیادت ضیوف الرحمن ( اللہ کے مہمانوں ) کا کتنا زیادہ خیال اور دیکھ بھال کرتی ہے۔
فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور کے انڈر سیکرٹری عصام عبد الحلیم نے کہا کہ مملکت نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حمایت اور نگرانی میں تمام وسائل فراہم کیے ہیں۔
اس سے عازمینِ حج اور بالخصوص فلسطینی عازمین کو مربوط خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ عصام عبد الحلیم نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی آمد کے وقت سے ہی سعودی عوام کی طرف سے بہترین استقبال اور مہمان نوازی کو محسوس کیا ہے۔ فلسطینی عازمینِ حج کے امور کے دفتر اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے مابین اعلیٰ سطح کا تعاون اور ہم آہنگی بھی دیکھی ہے۔