.

براک اوباما اور ڈیوڈکیمرون شامی بحران پر بات چیت کریں گے

ڈیوڈ کیمرون کی جان کیری کے حالیہ دورۂ روس کے تناظر میں واشنگٹن آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر براک اوباما آیندہ سوموار کو وائٹ ہاؤس میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔وہ آیندہ ماہ شمالی آئرلینڈ میں منعقد ہونے والے جی ایٹ سربراہ اجلاس میں بھی شامی بحران پر بات چیت کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ''وزیراعظم (ڈیوڈ کیمرون) کا دورہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان خصوصی تعلقات اور دونوں کی مشترکہ سلامتی اور خوشحالی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے''۔

بیان کے مطابق دونوں لیڈر شام اور جی ایٹ سربراہ اجلاس سے متعلق امور کے علاوہ دوطرفہ تجارتی ،اقتصادی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت کریں گے۔

ڈیوڈ کیمرون امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے اسی ہفتے ماسکو کے دورے کے بعد امریکا پہنچ رہے ہیں۔جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سے شامی بحران کے حل کے لیے صدر بشارالاسد اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ازسرنو کوششیں کرنے سے اتفاق کیا ہے اور اس ضمن میں مئی کے آخر میں ایک بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے گی ۔

برطانوی وزیراعظم جمعہ کو روسی صدر ولادی میر پوتین سے بھی ملاقات کررہے ہیں اور ان سے وہ شام میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے بحران کے سیاسی حل پر بات چیت کریں گے۔براک اوباما کی دوسری مدت کے لیے انتخاب کے بعد ڈیوڈ کیمرون کا واشنگٹن کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔