امریکی صدر اوباما کی پوپ فرانسیس سے پہلی ملاقات
امریکی صدر براک اوباما نے رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس سے جمعرات کو ویٹی کن سٹی میں ملاقات کی ہے۔
پوپ سے اپنی اس پہلی ملاقات کے لیے امریکی صدر کو بھی جلوس نما لمبی قطارمیں لگنا پڑا ہے۔انھوں نے پوپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ''وہ ان کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ شرف باریابی بخشنے پر ان کے شکرگزار ہیں''۔
براک اوباما امریکا کے نویں صدر ہیں جنھوں نے ویٹی کن میں پاپائے روم سے ملاقات کی ہے۔وہ گذشتہ ایک ہفتے سے یورپی ملکوں کے دورے پر ہیں اور وہ کریمیا میں روس کی مداخلت کے خلاف عالمی حمایت کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔
صدر اوباما نے قبل ازیں 2009ء میں سابق پاپائے روم پوپ بینی ڈکٹ شانزدہم سے ملاقات کی تھی۔اب کہ وہ ایسے وقت میں ویٹی کن پہنچے ہیں جب ان کی انتظامیہ اور چرچ کے درمیان اسقاط حمل کے معاملے پر تنازعہ چل رہا ہے۔ویٹی کن کے حکام کے مطابق پوپ فرانسیس امریکی صدر سےمنجملہ دیگر امور کے صحت عامہ کے نئے قانون کے بارے میں گفتگو کرنے والے تھے۔